عمران خان کے چار، پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا، پرویز الٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے چار، پنچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، اگر پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ کہ پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو اسمبلی مت توڑو مگر میری ایک نہیں مانی گئی، ہم ایک سال اور کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے۔
فواد چوہدری کی گرفتاری پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ خان صاحب کے قریب موجود لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑ کاٹی، چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کا کام صرف انتخابات کروانا ہے، ان کی نوکری دو سے ڈھائی ماہ کی ہے، لہٰذا یہ ایسا کام کریں جو لوگ یاد رکھیں، انہیں انتقامی کارروائیوں سے گریز اور اپنے لوگوں میں عزت بنانا چاہئے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عدلیہ آزاد ہے، ہمیں یقین عدلیہ سے انصاف ملے گا، لیگی لیڈر نے سپریم کورٹ جج کے خلاف بک بک کی، لیگی ارکان کون ہوتے ہیں جج کے خلاف بک بک کرنے والے۔
سابق وزیراعلیٰ کآ آئندہ انتخابات پر کہنا تھا کہ الیکشن ہم نے پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ ہو کر لڑنا ہے، ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں،گھبرانے والے نہیں۔
Comments are closed on this story.