Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

او آئی سی رکن ممالک کی سویڈن، ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی شدید مذمت

اجلاس کی صدارت پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کی
شائع 26 جنوری 2023 11:44am
تصویر/ روئٹرز
تصویر/ روئٹرز

اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے اجلاس میں سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ عمل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

اجلاس کی صدارت پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کی اور ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا کہ سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی منظور کردہ تاریخی قرارداد کے مطابق اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے دن کو منانے کے لیے اقوام متحدہ میں ایک خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے ذریعے او آئی سی ممالک مسلم مخالف بیان بازی اور امتیازی سلوک، منفی دقیانوسی تصورات اور مسلمانوں کو بدنام کرنے سمیت روایات کا مقابلہ کرنے اور اسے ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون پر زور دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ قرارداد کی پیروی کے طور پر او آئی سی اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر زور دے گا کہ وہ او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر اسلاموفوبیا کو روکنے اور اس کے خاتمے کے لیے ایک ایکشن پلان تشکیل دیں۔

پاکستان نے او آئی سی کے اجلاس کو یہ بھی بتایا کہ خواتین کے عالمی دن (8مارچ) پر پاکستان کے وزیر خارجہ اسلام میں خواتین کے موضوع پر نیویارک میں ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس کی میزبانی اور صدارت کریں گے۔

او آئی سی کے رکن ممالک نے اس اجلاس کے دوران اقدامات کے حوالے سے پاکستان کی بھرپور حمایت کو سراہا اور اس کا اعادہ کیا۔

آج ہونے والے اجلاس میں او آئی سی نے 2028-2029 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے انتخابات کے لیے تاجکستان کی امیدواری کی بھی توثیق کی گئی۔

اقوام متحدہ میں فلسطین کی ریاست کے مستقل مبصر سفیر ریاض منصور نے او آئی سی کے اجلاس کو فلسطین، یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے تقدس کی خلاف ورزیوں سمیت حالیہ پریشان کن پیش رفت سے آگاہ کیا۔

پاکستان

United Nations