نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامنظور، پی ٹی آئی کا لاہور میں احتجاج
ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھنے لگا، پی ٹی آئی محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے خلاف سراپا احتجاج ہے، لاہور میں پی ایم جی چوک پر میدان سجالیا۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کو غیور عوام کا پیسہ روکنے کے لئے لایا گیا ہے۔
خاتون رہنما عالیہ حمزہ ملک کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی تقرری سے ملک میں دھاندلی کا آغاز ہوگیا، محسن نقوی آصف زرداری کے منہ بولے بیٹے ہیں، انہوں نے عمران خان پر حملے کی جے آئی ٹی کو تبدیل کردیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ تقرری کے متنازع فیصلے کوعدالت میں چیلنج کریں گے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کا مقام تبدیل
پی ٹی آئی مظاہرین پہلے الیکشن کمیشن آفس کے سامنے جمع ہوئے بعد میں احتجاج کا مقام تبدیل کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں کوالیکشن کمیشن سے پی ایم جی چوک پہنچنےکی ہدایت کی گئی تھی ، جس کے بعد کارکن الیکشن کمیشن سے پی ایم جی چوک پہنچے۔
الیکشن کمیشن اور دونوں گورنرز آئین سے بغاوت کے مرتکب ہو رہے ہیں، فواد چوہدری
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور گورنر انتخابات کی تاریخ نہیں دے رہیں، دونوں گورنرز آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی سے مرتکب ہو رہے، سب یہاں کھڑے ہیں جس نے جیل میں ڈالنا ہے ڈال دے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس طرح سے ملک نہیں چلا کرتے، عمران خان کی وجہ سے پاکستان ایک فیڈرل اسٹیٹ ہے جب کہ رضاکارانہ طور پر قرضہ واپس کرنے والا پٹواری نہیں ہو سکتا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ راجہ ریاض ایک طوطا ہے جس میں شہباز شریف کی جان ہے، 19 لوٹوں کو بچانے کے لئے 127 ارکان کے استعفے منظور کئے گئے، ہم اس لئے استعفے نہیں دینا چاہتے تاکہ اس طوطے کی گردن پکڑ سکیں، البتہ ہمیں اس اسمبلی میں جانے کا کوئی شوق نہیں۔
Comments are closed on this story.