دن بھر بند رہنے والی بجلی کی جزوی بحالی شروع، مکمل بحالی کب تک ممکن ہے؟
ملک بھر میں بریک ڈاؤن کے باعث صبح سے بند بجلی جزوی طور پر مرحلہ وار بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔
کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن نے کام شروع کر دیا ہے اور لاہور کے متعدد علاقوں میں بجلی مرحلہ وار بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 220 کلو واٹ (کے وی) لائن انرجائزڈ کر دی گئی ہیں، فاروق آباد گرڈ اسٹیشن، جنرل اسپتال اور این کے ایل پی گرڈ اسٹیشن بھی بحال ہوگیا۔
او کے ایل پی سے 132 کے وی لائن بھی انرجائز کردی گئی ہیں۔
وزیر توانائی خرم دستگیر نے بھی متعدد علاقوں میں بجلی بحالی کا دعویٰ کیا ہے۔
خرم دستگیر نے ٹوئٹ کیا کہ اسلام آباد شہر میں بجلی بحال ہو چکی ہے۔
تاہم، دعوے کے برعکس شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی غائب ہے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بجلی بحال ہونا شروع ہوگئی، کوئٹہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔
خرم دستگیر کے مطابق بلوچستان کو بجلی کی فراہمی کیلئے 5 سے 7 گرڈز آپریشنل ہیں۔
سبی میں 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بحال کردی گئی ہے جس سے مختلف شہروں کو بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی۔
ترجمان کیسکو کے مطابق کوئٹہ شہر کے تمام گریڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی، روجھان جمالی اور گنداخہ گرڈ اسٹیشنز کی بجلی بحال کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید کئی گھنٹے بحالی میں لگ سکتے، کچھ علاقوں میں بحالی کے بعد ٹرپنگ کے باعث سسٹم بند کرنا پڑ رہا ہے، کوشش ہے کہ آج رات ہی بحالی کا عمل مکمل ہوسکے۔
کراچی کے بھی متعدد علاقوں میں 12 گھنٹے بعد بجلی بحال ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
کراچی میں ملیر، گرین ٹاون، شاہ فیصل، گلستان جوہر، بلدیہ، قیوم آباد اور بلوچ کالونی میں بجلی بحال ہوچکی ہے۔
Comments are closed on this story.