Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

بجلی کی مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے، ذرائع
اپ ڈیٹ 23 جنوری 2023 12:22pm
ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی غائب - تصویر: روئٹرز/ فائل
ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی غائب - تصویر: روئٹرز/ فائل

ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

ترجمان آئیسکوکے مطابق آئیسکو کے117 گرڈ اسٹیشنزکو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ ریجن کنٹرول سینٹرکی جانب سے ابھی تک کوئی وجہ نہیں بتائی گئی لیکن آئیسکو انتظامیہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان ریجن میں بجلی کا سسٹم ٹرپ ہوگیا۔

لاہور

دوسرے شہروں کی طرح لاہور میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جس کے بعد شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے اورنج لائن ٹرین بھی بند ہوگئی ہے۔

کراچی

کراچی میں بجلی کے بڑا بریک ڈاؤن کے باعث بہادرآباد، گلشن اقبال ، گلستان جوہر گرومندر سمیت متعدد علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگئے۔

کراچی کے 90 فیصدعلاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوئی ہے جبکہ این ٹی ڈی سی اوربجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے بحالی کاکام شروع کردیا ہے ۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں اور اس مسئلے کی تحقیقات کر رہے ہیں، گڈو کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی ہے۔

پشاور

پشاورخیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے جبکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وزارت توانائی کا بیان سامنے آگیا

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی کا بریک ڈاؤن صبح 7:34 پر ہوا ہے، نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئی اور بریک ڈاؤن ہوا جبکہ سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے۔

وزارت توانائی نے مزید کہا کہ وارسک سے گرڈ اسٹیشنوں کی بحالی کا آغازکردیا گیا اسلام آباد اور پشاورکے محدود تعداد میں گرڈ بحال کردیئے گئے۔

کراچی ایئرپورٹ پر کے الیکٹرک سے ملنے والی بجلی معطل

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) ہیڈ آفس کو بھی کے الیکٹرک کی بجلی فراہمی معطل کردی گئی ہے، پی آئی اے کے اصفہانی ہینگر، فلائٹ کچن، انجینیرنگ سمیت دیگر شعبوں میں بھی بجلی فراہم بند ہوگئی۔

ذرائع جناح ٹرمینل کے مطابق سی اے اے ہیڈ کوارٹرز سمیت ایئرپورٹ کی انسٹالیشنز کو بھی کے الیکٹرک سے بجلی معطل ہوگئی جبکہ ایئرپورٹ پر اہم مقامات پر جنریٹر چلا کر بجلی فراہمی شروع کردی گئی۔

بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ؟

ذرائع کے مطابق گڈو سے کوئٹہ جانیوالے ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث بریک ڈاؤن ہوا ہے جبکہ فنی خرابی کی وجہ سے فریکوئنسی کم ہوگئی۔

بجلی کی فریکوئنسی متعلقہ سطح سے کم ہونے پرکیسکیڈنگ ہوئی، جس کے باعث پاور پلانٹ ٹرپ کر جاتے ہیں بریک ڈاؤن سے سندھ ،پنجاب ، اورآئیسکو ریجن متاثر ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔

karachi

اسلام آباد

electricity

lahore

Electricity Short fall