Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں وزیر اعلیٰ کا تقرر، پنجاب میں دوبارہ 2018 جیسی صورتِ حال

صوبہ ایک بار پھر پانچ سال پیچھے جا کھڑا ہوا ہے۔
شائع 21 جنوری 2023 09:12pm

پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری پر ایک بار پھر 2018 جیسی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔

پنجاب میں پارلیمنٹ تحلیل ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں میں نگراں وزیراعلیٰ کے حوالے سے ڈیڈ لاک برقرار ہے اور گیند اب الیکشن کمیشن کے کورٹ میں جا چکی ہے جو ممکنہ طور پر کل تک فیصلہ کرلے گا کہ نیا وزیراعلیٰ کون ہوگا۔

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے اہم اجلاس کل بلا لیا ہے۔

اجلاس میں عہدے پر تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے دیئے گئے دو، دو ناموں پر غور ہو گا۔

حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں جبکہ حزب اختلاف نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کر رکھا ہے۔

پارلیمانی پارٹی کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کا حتمی فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے صوبہ ایک بار پھر پانچ سال پیچھے جا کھڑا ہوا ہے۔

پانچ سال قبل بھی حکومت نے نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے جسٹس (ر) سائر علی اور ایڈمرل (ر) ذکا اللہ کے نام تجویز کیے تھے، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ایاز امیر اور حسن عسکری کو نامزد کیا گیا تھا۔

فریقین کے متفق نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے حزب اختلاف کے حسن عسکری عہدے پر فائز ہوئے جو بطور نگراں وزیر اعلیٰ انتخابات کے انعقاد میں کامیاب رہے۔

punjab assembly

Care Taker CM Punjab

Politics Jan 21 2023