عدالت نے شہباز گل پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے نئی تاریخ دے دی
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ایک بارپھرمؤخرکردی جبکہ عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لئے 2 فروری کی نئی تاریخ دے دی ۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے شہباز گل پر اداروں کے خلاف بغاوت پراکسانے کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے کہا کہ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کوکاروائی آگے بڑھانے سے نہیں روکا ۔
ملزمان کے وکیل نے بتایاکہ اسپیشل پراسیکیوٹرکی کیس میں نامزدگی کوہائیکورٹ میں چیلنج کیاہواہے۔
پراسیکیوٹرکے جونیئروکیل نے کہا کہ عدالت نے اسٹے دیا نہ ہی فیصلہ دیا،وکیل نے کہا کہ شہبازگِل کے خلاف ایک اورمقدمہ درج ہوا لیکن مقدمے کا نہیں بتایاجارہا ۔
شہبازگل کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ شہبازگِل گاڑی میں موجود ہیں، آکسیجن ماسک لگایا ہوا ہے، آئندہ حاضری آن لائن رکھی جائے ۔
جج طاہرعباس نے ریمارکس دیئے جب تک فرد جرم عائد نہیں ہوتی حاضری سے استثنیٰ نہیں دیا جاسکتا ، جب بھی فردِ جرم عائد کرنے کی بات آئے تو شہباز گِل کی طرف سے درخواست آجاتی ہے۔
وکیل نے کہا کہ ہمیں ایسی یوایس بی دی گئی جوخراب ہے، جس پر جج طاہرعباس نے کہا کہ سرکاری چیزیں تو ایسی ہی ہوتی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے شہبازگل پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کرتے ہوئے 2 فروری کی تاریخ مقررکردی۔
شہباز گل کی24 جنوری تک حفاظتی ضمانت منظور کرتی ہے، تحریری حکم جاری
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی 24 جنوری تک حفاظتی ضمانت منظورکرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کی حفاظتی درخواست ضمانت کا 2صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ شہباز گل کے وکیل نے بتایا کہ ایک نئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ایف آئی آر کی تفصیلات پیش کرنے کا کہا۔
ڈپٹی اٹارنی نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے اور ایس ایس پی آپریشن نے کسی نئے مقدمے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر نے نیا مقدمہ درج ہونے کی تصدیق کی مگر وہ تفصیل فراہم نہیں کرسکتے، ہر شہری کا حق ہے کہ قانون اسے تحفظ دے اور یہ بنیادی حق ہے۔
تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ حفاظتی ضمانت 24 جنوری تک منظور کرتے ہوئے شہباز گل کو 50ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا جاتا ہے۔
Comments are closed on this story.