Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شاہد خاقان نے ن لیگ کو خیرباد کہنے اور نئی سیاسی جماعت بنانے کی تردید کردی

جماعت غلطی کرے گی تو اس کو بھگتنا ہوگا، سابق وزیراعظم
شائع 19 جنوری 2023 11:15pm
رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی۔ فوٹو — فائل
رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی۔ فوٹو — فائل

سابق وزیراعظم اور سینئر نائب صدر ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے پارٹی چھوڑنے سے متعلق اطلاعات کی تردید کردی۔

ایک بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ سے ناراض ہوں اور نہ پارٹی چھوڑ رہا ہوں، ن لیگ میں ہوں اور یہیں سے گھر جاؤں گا، نئی سیاسی جماعت بنانے کی سوچ نہیں، البتہ پارٹی سے ہی قیادت آتی ہے، جماعت غلطی کرے گی تو اس کو بھگتنا ہوگا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں نئی سیاسی جماعت کے قیام کے حوالے سے اطلاعات گردش کر رہی ہیں جس میں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت دیگر پاریٹیوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہوں گی۔

اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت میں فیصلےکرنے کی گنجائش ہے، مسائل جلد حل کرنے چاہیئں، آئی ایم ایف پروگرام میں رہ کر بتانا ہے ہم ذمہ دار ملک ہیں، ملک میں استحکام کے لئے جلد فیصلے کرنے ہوں گے اور روپے کی قیمت کو اصل جگہ پر لانا ہوگا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ گیس، بجلی اور تیل کی قیمت کو قیمت خرید سے کم نہیں رکھ سکتے، ڈار صاحب حالات کنٹرول کرنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں جب کہ ہم ماضی کی حکومت کی غلطیوں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان نے کوئی فیصلے نہیں کیے، ساڑھے 3 سال ایسے ہی گزارے، وزیراعظم ہی مشکل فیصلےکر سکتے ہیں، لیکن جو مشکل فیصلے کرے گا وہ سیاسی قیمت بھی ادا کرے گا، البتہ ہمارا عوام کو دھوکا دے کر ووٹ لینے کا ارادہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے سوچ رہے تھے ایسے فورم ہوں جہاں ملکی مسائل پر کُھل کر بات ہوسکے، گزشتہ 5 سالوں کے دوران پارلیمان میں عوامی مسائل پر بات نہیں ہوئی، ملک میں جو کچھ ہوا وہ عوام کے سامنے رکھنا پڑے گا، ملکی مسائل کا حل الیکشن نہیں ہے۔

PMLN

Ishaq Dar

Shahid Khaqan Abbasi

economic crisis

imran khan