Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعلیٰ پنجاب نے حرمت قرآن کریم پورٹل کا افتتاح کر دیا

پورٹل آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا
شائع 19 جنوری 2023 03:20pm
CM Punjab inaugurated the Holy Quran Portal in Lahore - Pervaiz Elahi Press Conferenece - Aaj News

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں حرمت قرآن کریم پورٹل کا افتتاح کر تے ہوئے کہا ہے کہ سافٹ ویئر کے ذریعے بے دین لوگوں کو پکڑا جاسکے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا، پورٹل ویب سائٹس پر موجود قرآن کریم سے متعلق جعلی مواد کی نشاندہی کرے گا۔

پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ حرمت قرآنِ کریم پورٹل قرآن بورڈ اور متعلقہ اداروں کو ویب سائٹس پر قرآن سے متعلق منفی مواد کے بارے میں الرٹ جاری کرے گا، پورٹل متعلقہ اداروں کو متنازعہ مواد بلاک کرنے اور ایسا مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے الرٹ بھی جاری کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل کے ذریعے مذموم حرکتیں کرنے والوں کی ویب سائٹس کو بلاک کیا جاسکے گا،سسٹم کی مدد سے پبلشرز اور ای پبلشرز کی رجسٹریشن اور مانیٹرنگ بھی کی جا سکے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے قرآن بورڈ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے خصوصی سیل کے قیام کی ہدایت کردی۔

چوہدری پرویزالہٰی نے حرمت قرآن پورٹل کو لانچ کرنے پر سابق معاون خصوصی انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ارسلان خالد کی سربراہی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے جدید ٹیکنالوجی تک عام آدمی کی رسائی کو یقینی بنایا ہے ، ڈاکٹر ارسلان خالد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

حرمت قرآنِ کریم پورٹل قرآن بورڈ کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے تیار کیا ہے۔

قائم مقام چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف نے پورٹل کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر راسخ الٰہی، ہمیش خان ، یوسف بادوزئی،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری اوقاف، سپشل سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف، مولانا محمد حسین اکبر، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، عمر دراز اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔

cm punjab

Chaudhry Pervaiz Elahi

Lahore High Court