Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

شہباز گل کی اسپیشل پراسیکیوٹر کو فوری کام سے روکنے کی استدعا مسترد

فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے حکم امتناع کی استدعا بھی منظور نہیں کی گئی
شائع 19 جنوری 2023 10:57am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ دی نیوز انٹرنیشنل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ دی نیوز انٹرنیشنل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی اسپیشل پراسیکیوٹر کو فوری کام سے روکنے کی استدعا مسترد کردی جبکہ فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے حکم امتناع کی استدعا بھی منظور نہیں کی گئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے اداروں میں بغاوت پراکسانے کے کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹرتعیناتی کے خلاف شہبازگل کی درخواست پر سماعت کی ۔

مزید پڑھیں: آکسیجن ماسک لگا کرآنے والے شہباز گل پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ابھی توٹرائل شروع ہی نہیں ہوا درخواست جلدی سن کرفیصلہ کریں گے مختصرتاریخ رکھ رہے ہیں، جلدی سن کرفیصلہ کریں گے۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایاکہ کمشنر کی طرف سے سفارش اور وزارت داخلہ نے تعیناتی کی ہے،اپنا وکیل کرنا ملزم کا حق ہےلیکن اپنی مرضی کا پراسیکیوٹرنہیں لے سکتا، اسلام آباد انتظامیہ اور وفاقی حکومت کی جانب سے تعینات کردہ پراسیکوٹر ہے۔

عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کا کہنا ہےحکومت کے ایشوز ہیں پرائیویٹ وکیل نہیں کرسکتے،جس پر شہبازگل کے وکیل نے اسپیشل پراسیکیوٹر کو عارضی طورپرکام سے روکنے کی استدعا کی۔

مزید پڑھیں: قومی اداروں کیخلاف بیان: سندھ ہائیکورٹ نے شہباز گل کی استدعا مسترد کردی

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریماکس دیے کہ ٹرائل تو ابھی شروع ہی نہیں ہوا جب شروع ہوگا تب چارج فریم ہوگا ۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ااستفسار کیا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کا معاملہ ہے قانون کیا ہے ؟ ویسے تواسلام آباد میں کوئی قانون ہی نہیں وہ ایک الگ معاملہ ہے تاہم اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے لئے قانون سے متعلق عدالت کی معاونت کرنا ہوگی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی اور وکیل کو اسپیشل پراسیکیوٹرکی تعیناتی پر معاونت کی ہدایت دی۔

مزید پڑھیں: بغاوت کا مقدمہ: شہباز گل کو ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

وکیل شہبازگل نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے حکم امتناع کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کیا کل فرد جرم لگ جائے گی؟ آپ نے ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہونے دی، پبلک پراسیکیوٹر اگر چارج فریم کراتا ہے تواس پرتوآپ کوکوئی اعتراض نہیں، ابھی تو فرد جرم عائد ہونے کے بعد شہادتوں کا مرحلہ آئے گا، اس کیس کو زیادہ لمبا نہیں کررہے، آئندہ ہفتے کے لئے رکھ رہے ہیں۔

عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے قانونی نکتے پرمعاونت کے لئے تیاری کی مہلت دے دی۔

pti

Islamabad High Court

shehbaz gill

justice aamir Farooq

special prosecutor