Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ نااہلی فیصلہ: پی ٹی آئی نے درخواست واپس لینے کی استدعا کردی

فریقین کو کچھ اعتراضات ہیں، ان کو سنیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ
اپ ڈیٹ 19 جنوری 2023 11:56am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ نااہلی فیصلے کےخلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست واپس لینے کی استدعا پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ فریقین کو کچھ اعتراضات ہیں، ان کو سنیں گے، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ میں عمران خان کی نااہلی فیصلے کے خلاف دائرپٹیشن پر سماعت کی۔

بیرسٹرعلی ظفرنے درخواست واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ یہ معاملہ لاہورہائیکورٹ میں بھی زیرالتوا ہے، پٹیشن واپس لیناچاہتے ہیں۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ آج صرف پٹیشن واپسی کی متفرق درخواست سماعت کے لئے فکس ہے، مرکزی درخواست 25 جنوری کوسماعت کے لئے مقررہے، فریقین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، آئندہ سماعت پروہ بھی ہوں گے جنہیں سن کرپٹیشن واپسی پرفیصلہ کریں گے۔

بعدازاں عدالت نے متفرق درخواست پر 25 جنوری کے لئے فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔

مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پرعمران کے وکیل کو مہلت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کے وکیل کو ابتدائی بیان جمع کرانے کے لئے مہلت دے دی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت کی۔

پٹشنر شہری محمد ساجد نے سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کو وکیل کرلیا، جنہوں نے وکالت نامہ جمع کروا دیا ۔

عمران خان کی جانب سے سلمان اکرم راجہ اور ابوذر سلمان خان نیازی پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ جواب جمع کرانا چاہتے ہیں مگر آفس نے اعتراضات عائد کیے ہیں،آفس نے اعتراض کیا ہے کہ بائیو میٹرک کے لئے عمران خان کو خود آنا پڑے گا۔

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اب تو بائیو میٹرک کی تصدیق کے لئے مختلف آؤٹ لیٹس موجود ہیں، آپ بائیو میٹرک کرا کے رسید ساتھ لگا دیں۔

وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان نے استعفی دے دیا اور اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔ عدالت نےعمران خان کے وکیل کو ابتدائی بیان جمع کرانے کے لئے مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔ [1]: https://www.aaj.tv/news/30303260

pti

imran khan

Islamabad High Court

Tosha Khana Reference