Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

اردن کا سفیرکو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکنے پراسرائیل سے احتجاج

اسرائیل بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اردن
شائع 18 جنوری 2023 11:46am

اردن کی وزارت خارجہ نے عمان میں اسرائیلی سفیرکو طلب کرکے اردن کے سفیرکومسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکنے پرسخت احتجاج کرتے ہوئے مراسلہ بھیج دیا۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر سنان مجالی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سفیر کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔

احتجاجی مراسلہ میں تل ابیب میں تعینات اردنی سفیر کو مسجد اقصیٰ کے دورے سے روکنے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی سفیر کو کہا گیا کہ وہ یہ مراسلہ فوری طورپراپنی حکومت کو ارسال کرے۔

احتجاجی مراسلہ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس اورمسجد اقصیٰ کے امور کی تمام ذمہ داری اردن کی ہے ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اسرائیل ایک قابض طاقت کے طور پر مقامات مقدسہ بالخصوص مسجد اقصیٰ کے حوالے سے بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اسرائیل میں انتہا پسند عناصرپرمشتمل حکومت کے قیام کے بعد مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

Israel

jerusalem