Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جماعت اسلامی کا بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں تاخیر اور ردوبدل کیخلاف احتجاج کا اعلان

فارم 11 اور 12 کے مطابق ہم 94 نشستیں جیت چکے جس کے ثبوت موجود ہیں، جماعت اسلامی
شائع 16 جنوری 2023 11:37pm
دیگر جماعتوں کے نتائج میں بھی ردوبدل کیا جا رہا ہے۔ فوٹو — فائل
دیگر جماعتوں کے نتائج میں بھی ردوبدل کیا جا رہا ہے۔ فوٹو — فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر اور ردوبدل کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی۔

سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی بلدیاتی الیکشن میں بڑی پارٹی بن کر سرفہرست آچکی، پولنگ ایجنٹوں کےنتائج واضح ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہے ہیں، جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے نتائج میں بھی ردوبدل کیا جا رہا ہے، لہٰذا اپیل کرتاہوں کہ ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔

دوسری جانب سراج الحق نے منگل کو مرکزی نظم کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جس میں بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ فارم 11 اور 12 کے مطابق ہم 94 نشستیں جیت چکے جس کے ثبوت موجود ہیں، لہٰذا ہم الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے سولہ اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے 24 گنٹے سے زائد وقت کے بعد 235 نشستوں کے نتائج جاری ہوگئے۔

کراچی کے سات اضلاع میں 246 یوسیز میں سے 235 کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں جن کے مطابق پیپلز پارٹی 93 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جماعت اسلامی 86 نشستوں کے ساتھ دوسرے جب کہ تحریک انصاف 40 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

Jamaat e Islami

protest

Siraj Ul Haq

Karachi Local Bodies Election 2023