Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سینیٹ اجلاس: عمران اور اس کا پورا خاندان چور ہے، پی پی سینیٹر کے بیان پر پی ٹی آئی کا احتجاج

سینیٹ میں اپوزیشن اور حکومتی سینیٹرز کےدرمیان لفظی گولہ باری
شائع 13 جنوری 2023 03:17pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

سینیٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی کی جانب سے عمران خان اور اس کے پورے خاندان کوچور کہنے پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے احتجاج کیا ، سینیٹ میں اپوزیشن اور حکومتی سینیٹرز کےدرمیان لفظی گولہ باری ہوئی جبکہ حکومتی سینیٹرز نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوانے کا مطالبہ کیا ۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا تذکرہ ہوا تو پی ٹی آئی کے اراکین نے احتجاج کیا۔

وزیر مملکت شہادت اعوان نے کہا کہ کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر کے اخراجات 45 روپے فی کلو میٹر ہیں ،یہ کون سا ہیلی کاپٹر ہے جس کے یہ اخراجات ہیں۔

قائد حذب اختلاف شہزاد وسیم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاریوں کو لانے اور لے جانے پر جہازوں کے خرچے کون برداشت کر رہا ہے، اشتہاریوں کے کارگو جہاز بنے ہوئے ہیں، شہادت اعوان نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوانے کی تجوزی دی۔

مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ یہ لوگ لوگوں کو بے وقوف بناتے رہے، ان کو معلوم ہونا چاہیئے کہ فلائنگ گھنٹے ہوتے ہیں، فلائٹس کےلئے کلو میٹر کا نہیں گھنٹوں کا حساب ہوتا ہے۔

شہزاد وسیم نے کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی اور ق لیگ نے پنجاب میں ثابت کیا کہ بڑے مفاد کے لئے اقتدار کی کوئی اہمیت نہیں، کہا گیا ہم پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے، ہم پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کریں گے، جلد عام انتخابات ہوں گے جس میں ہم دوبارہ حکومت بنائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے مفاد میں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے جا رہے ہیں،عوام اس وقت آزادانہ طریقے سے حکومت منتخب کر رہی ہے، یہ حکومت اشتہاریوں کی ہے اور چلتی بھی اشتہاروں پر ہے۔

انہوں دعویٰ کیا کہ جینوا کانفرنس میں ملنے والی رقم امداد نہیں قرضہ ہے، ملک میں عوام کو آٹا تک نہیں مل رہا، عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، ڈی پی او سارے سین کا حصہ ہے، یہ حکومت گلی محلوں کے الیکشن سے بھاگ رہی ہیں، پہلے اسلام آباد اب کراچی کے انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، عمران خان نے دو پارٹی سسٹم کو تہس نہس کر دیا۔

سینیٹر مشتاق احمد نے اظہار خیال کرتےہوئے کہا کہ گودام بھرے پڑے ہیں یہ آٹا چور کون ہیں، یہ چینی چور اور ڈالرز چور کون ہیں؟

سینیٹر عبدالغفور حیدر نے کہا کہ صدر ایک پارٹی کا صدربنا ہوا ہے، اپوزیشن لیڈر بتائیں ساڑھے 3سال آپ کی حکومت نے کیا کیا ؟کوئی میگا منصوبہ، 50لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں دیں ؟ پی ٹی آئی نے برباد کر دیا۔

سینیٹر فدا محمد نے پی آئی اے جہازوں کی خستہ حالی کا معاملہ ایوان میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم پی آئی اے کی فلائٹ سے استنبول گئے، اس جہاز کی سیٹوں میں فوم تک نہیں تھا، سیٹوں کا لوھا نکلا ہو تھا ،گرنے کا خدشہ تھا، پھر جدہ کی فلائٹ میں سائیڈ کے شیشے ٹوٹے تھے، معاملے کا نوٹس لیا جائے بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ سیاستدانوں کو چور چور کہہ رہے ہیں اصل چور تو یہ لوگ ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ قائمہ کمیٹی سے رپورٹ مانگ لی۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے الزام لگایا کہ عمران خان اور اس کا پورا خاندان چور ہے، جس پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے احتجاج شروع کردیا ۔

جس پر پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بہرہ مند تنگی بدتمیز شخص ہے اس کو باہر نکالیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان کا تقدس برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے اجلاس پیر کی شام 3بجے تک ملتوی کر دیا۔

اسلام آباد

imran khan

sadiq sinjrani

chairman senate

senate ijlas