Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سرفراز پچ پر کھڑے اہلیہ کو نہارنے میں مصروف، امپائر کو کھیل روکنا پڑگیا

سرفراز کی اہلیہ خوش بخت سرفراز نے اپنے ٹوئٹر پر خجالت والا ایموجی لگاتے ہوئے اس واقعے کی وڈیو ری ٹوئٹ کی۔
شائع 12 جنوری 2023 04:50pm

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور بلے باز سرفراز احمد بیٹنگ کے دوران پچ پر کھڑے اپنی اہلیہ کو نہارنے میں اتنا مگن ہوئے کہ بولر ان کے سر پر آکھڑا ہوا لیکن انہیں پتا تک نہ چلا۔

سرفراز کی اہلیہ خوش بخت واقعی ”خوش بخت“ ہیں کیونکہ انہیں ایسا شوہر ملا جو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران بھی اپنی اہلیہ کے خیالوں میں گم رہتا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں سرفراز احمد کھیل سے غافل ہوکر نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں لگی بڑی اسکرین پر اپنی اہلیہ کا دیدار کرنے میں مصروف نظر آئے تو امپائر کو کھیل رکوا کر مداخلت کرنا پڑگئی۔

سرفراز کی اہلیہ خوش بخت سرفراز نے اپنے ٹوئٹر پر خجالت والا ایموجی لگاتے ہوئے اس واقعے کی وڈیو ری ٹوئٹ کی۔

وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیویز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کیلئے کھیلتے ہوئے سرفراز احمد 65 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود ہیں۔

اس دوران اسکرین پر مہمانوں کی گیلری میں موجود خوش بخت سرفراز کیمرے پر نمودار ہوتی ہیں اور دوسرے ہی لمحے کیمرا کیوی اسپنر ڈیرل مچل کی جانب جاتا ہے، جو پاکستانی بلے باز سعود شکیل کو گیند کرانے جارہے ہوتے ہیں، تاہم امپائر کی مداخلت پر گیند پھینکتے پھینکتے رک جاتے ہیں۔

اس موقع پر کیمرا سرفراز کی جانب جاتا ہے تو وہ میدان میں لگی دیوقامت اسکرین پر اپنی اہلیہ کا دیدار کرنے میں مصروف ہوتے ہیں اور امپائر اور کیوی بالر کی مداخلت پر چونک کر پیچھے مڑتے ہیں اور رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر ہنس پڑتے ہیں۔

بعدازاں وہ ساتھی بلے باز سعود شکیل کو بھی بتاتے ہیں کہ وہ اسکرین کی جانب دیکھ رہے تھے۔

سرفراز احمد اپنی اہلیہ کے ٹوئٹ پر مسکرا کر رہ گئے، جبکہ صارفین نے خوش بخت سرفراز کی پوسٹ پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے انہیں کپتان کی وجہ تحرک قرار دیا ہے۔

karachi

PAKvNZ

odi series

sarfaraz ahmad