Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدالت کا مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم

ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا مگر کارروائی نہیں ہو رہی، وکیل
شائع 11 جنوری 2023 03:43pm

عدالتِ عالیہ نے پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر جھوٹے الزامات کے خلاف مہوش حیات کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت مہوش حیات کے وکیل بیرسٹر خواجہ نوید احمد کا عدالت میں کہنا تھا کہ عادل راجا نامی شخص جو خود کو سابق فوجی افسر کہتا ہے، جھوٹے الزامات لگارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عادل راجا نے چار اداکاراؤں کے خلاف پروپیگنڈا کیا ہے۔

مہوش حیات نے عدالت میں بیان دیا کہ عادل راجہ نے کبریٰ خان کے خلاف الزامات واپس لے لیے ہیں، میرا نام اس نے ”ایم ایچ“ لکھا ہے۔

مہوش حیات کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا مگر کارروائی نہیں ہو رہی۔

بیرسٹر خواجہ نوید احمد نے عدالت سے استدعا کی کہ مہوش حیات پر سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات لگائے گئے، الزامات لگانے والوں کو سزا دی جائے اور سوشل میڈیا پر موجود مواد فوری ہٹایا جائے۔

عدالت نے وفاقی حکومت، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کردیئے۔

نوٹس میں فریقین کو دو ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

Sindh High Court

Mehwish Hayat

kubra khan

Adil Raja