Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فوجداری کارروائی کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

عدالت کی الیکشن کمیشن کو مصدقہ کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 09 جنوری 2023 10:53am
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی سے متعلق کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 31 جنوری کے لئے طلبی کے سمن جاری کر دیے اور الیکشن کمیشن کو مصدقہ کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت کی،جہاں الیکشن کمیشن اور عمران خان کے وکلا عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت معاون وکیل علی بخاری نے عمران خان کی طبعی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی تو عدالت نےاستفسار کیا کہ عمران خان کی طرف سے تو درخواست بھی دائرنہیں کی ہوئی، عمران خان کی جانب سے کوئی وکالت نامہ ہی دے دیں، کیا استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ لگائی ہیں؟۔

عدالت کے استفسار پر وکیل علی بخاری نے عدالت میں مؤقف اپنا یا کہ واٹس ایپ پرمیڈیکل رپورٹ منگوا لیں گے۔

سماعت کے دوران وکیل علی بخاری نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں کوئی تاریخ دےدیں، اگر فروری کی کوئی تاریخ دے دیں تو بہتر ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نےعمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پراعتراض کرتے ہوئےکہاکہ وکالت نامہ جمع ہے نہ درخواست پرعمران خان کے دستخط ہیں،ذاتی حثیت میں پیش ہوئے بغیر عمران خان کی ضمانت منظور نہیں ہوسکتی،ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو مصدقہ کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 31 جنوری کے لئے طلبی کے سمن جاری کر دیے۔

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کاکیس : عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کر دی ہے۔

ایڈیشل سیشن جج ظفر اقبال نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان پیش عدالت میں ہوئے اور انہوں نے عمران خان کی جانب سے آج عدالت سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ 31 جنوری کو عمران خان عدالت آجائیں گے ؟ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جی عمران خان اب ریکور کررہے ہیں، دوسری عدالت میں بھی 31 جنوری کی تاریخ ہے، اس کیس میں بھی یہی تاریخ رکھ لیں۔

جج ظفر اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔

pti

ECP

imran khan

Tosha Khana Reference

islamabad local court