Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلدیاتی انتخابات: عدم تیاری پر سندھ حکومت کے دلائل کا حق ختم

کراچی حیدر آباد کی ووٹر فہرستوں پر ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اپ ڈیٹ 06 جنوری 2023 03:02pm
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی

الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات نئی ووٹر لسٹ پر کرانے کی ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ تیاری نہ ہونے پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے دلائل کا حق ختم کر دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت 3رکنی کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں ووٹر فہرستوں سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت کی۔

ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لئے نئی ووٹر لسٹوں کا استعمال خلاف قانون ہے،29 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری ہوا تو الیکشن کمیشن مکمل نہیں تھا۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہاکہ درخواست صرف ووٹر لسٹ کے حوالے سے ہے، اس تک محدود رہیں، ایم کیو ایم نے 2018 کا الیکشن اور ضمنی انتخابات بھی لڑے، جن فہرستوں پر پہلے انتخابات لڑے انہی پر اب بھی ہو رہے ہیں، متحدہ کا اس مرتبہ ایشو پرانی ووٹر لسٹ ہے،ایم کیو ایم تمام ایشوز کو ایک ساتھ ہی کیوں نہیں سامنے لاتی؟ درخواست پر آئیں ادھر اُدھر کی باتیں نہ کریں۔

ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو میری بات سننا ہو گی۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آپ ایک مہینہ بھی دلائل دیتے رہیں تو سنتے رہیں گے، سارا وقت ان نقاط پر لگا رہے ہیں جو درخواست کا حصہ ہی نہیں، اعتراضات نئی فہرست پر ہوں گے، انتخابات پرانی فہرست پر ہو رہے ہیں، انتخابات کسی صورت تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔

سندھ حکومت نے کیس کی تیاری کےلئے آئندہ ہفتے تک کا وقت مانگا تو الیکشن کمیشن نے دلائل کا حق ہی ختم کر دیا۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے 15جنوری کو ہر صورت بلدیاتی انتخابات کرانے کی استدعا کی۔

اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال ملک نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اعتراض مان لیں تو کبھی الیکشن نہ ہوسکیں ۔

ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے متحدہ کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل قوانین تبدیل کر کے الیکشن کمیشن کے ہاتھ باندھے جاتے ہیں، سیاسی جماعتوں کی بلدیاتی انتخابات وقت پر کرانے پر توجہ نہیں ہے۔

دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات نئی ووٹر لسٹ پر کرانے کی ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

local bodies election

ECP

karachi

Hyderabad

MQM Pakistan

Sikander Sultan Raja