Aaj News

منگل, نومبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کے پاس اکثریت ہے تو پرویز الٰہی کو اعتماد کے ووٹ کا کہیں، علی گوہر بلوچ

عمران خان حقائق کو مسخ کرنا چاہتے ہیں، رہنما ن لیگ
شائع 05 جنوری 2023 09:32pm
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما علی گوہر بلوچ پروگرام فیصلہ آپ کا میں گفتگو کر رہے ہیں۔ اسکرین گریب آج نیوز یوٹیوب
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما علی گوہر بلوچ پروگرام فیصلہ آپ کا میں گفتگو کر رہے ہیں۔ اسکرین گریب آج نیوز یوٹیوب

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما علی گوہر بلوچ کا کہنا ہے کہ وزیرآباد واقعے کے حوالے سے عمران خان بڑی مضاحکہ خیز بات کرتے ہیں کہ ایک صوبے میں ان کی حکومت ہے۔ وہ اداروں سے سوال کے بجائے پرویز الٰہی سے سوال کریں، پرویز الٰہی کو چاہیے تھا کہ خان صاحب پر حملے کی ایف آئی آر درج کرواتے۔

آج نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی گوہر بلوچ نے کہا کہ وزیرآباد واقعے کے ملزم نے اقبال جرم کیا ہے کہ میں نے یہ فائرنگ کی ہے، اس کی ویڈیو کیوں سامنے نہیں آنی چاہیے تھی؟ اس نے خود بیان دیا ہے، عمران خان حقائق کو مسخ کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چار گولیاں نہیں بلکہ ٹکڑے لگے، یہ دن بدن ایکسپوز ہو رہے ہیں، خان صاحب اصولی سیاست کی بات کرتے ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ پنجاب میں اکثریت پرویزالٰہی کے پاس بھی نہیں، اگر عمران خان کے پاس اکثریت ہے تو وہ پرویز الٰہی کو کہیں کہ اعتماد کا ووٹ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر کوئی غیرسنجیدہ گفتگو نہیں ہونی چاہیے، وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ہمارے امیدوار حمزہ شہباز ہیں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیئر رہنما شہلا رضا نے کہا کہ ہم نے جو ایم کیو ایم سے معاہدہ کیا اس کو پورا کیا، ان کے کہنے پر کراچی کا ایڈمنسٹریٹر لگایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ نے واضح بات کی کہ حلقہ بندیوں سے متعلق معاملہ الیکشن کمیشن میں اٹھایا ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں 99 فیصد ممبرز یہ سمجھتے ہیں کہ اسمبلی ڈزالو نہیں ہونا چاہیے، جب پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم اسمبلی توڑ رہے ہیں تو پنجاب کابینا کا ممبر اور ایم پی اے ناراض ہوگئے تھے، اس صورتحال میں ضروری تھا کہ ان سے اعتماد کے ووٹ کی بات کی جائے۔ گورنر پنجاب ایک مرتبہ پھر اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان مذہب کے نام پر دہشتگرد ہیں، یہ انسانیت دشمن ہیں، پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم طالبان کی دہشتگردی نہیں چلنے دیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان نے کہا کہ معظم کو جو گولی لگی وہ تیسرے رخ سے لگی، عمران خان صاحب خود دو بار جلسے میں کہہ چکے ہیں کہ میرے خلاف ایک پلاننگ بنائی جاچکی ہے، جس کیلئے انہوں نے ویڈیو بھی بنائی ہے۔ عمران خان کیخلاف مذہبی کارڈ استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف پنجاب حکومت چھوڑتی ہے تو اس قسم کے واقعات اور کارروائیاں مزید تیز ہوجائیں گی۔

pti

PMLN

PPP