Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدالتی نظام وینٹی لیٹر پر ہے، اعظم سواتی نے پھر ٹوئٹر کا رخ کرلیا

کاش اس وقت ہمارے ملک میں ایک عدلیہ ہی آزاد ہوتی، اعظم سواتی
شائع 05 جنوری 2023 05:00pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے توہین آمیز ٹوئٹس کے مقدمے میں رہائی کے بعد ایک بار پھر ٹوئٹر کا رخ کرلیا۔

ٹوئٹر پر جاری پیغامات کے ایک سلسلے میں اعظم سواتی نے لکھا، ”میں سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا پھر اپنے ملک کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والوں، قانون کی حکمرانی چاہنے والوں اور خاص کر عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی دعاؤں، نیک خواہشات نے مجھے حوصلہ دیا اور ظلم کے آگے نہیں جھکنے دیا۔“

اعظم سواتی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ”میرے ملک کے لوگوں، آج ملک کا ہر ادارہ تباہ کر دیا گیا ہے، یقین نہیں آتا تو سوچو آپ کی آنکھوں کے سامنے رجیم چینج، 11 ہزار ارب کا این آر او ٹو، ارشد شریف کا قتل۔ عمران خان پر قاتلانہ حملہ اور مجھ پر مظالم صرف آٹھ ماہ کی تفصیل ہے۔“

انہوں نے مزید لکھا، ”کاش اس وقت ہمارے ملک میں ایک عدلیہ ہی آزاد ہوتی تو ہمارے دکھوں کا مداوا ہو سکتا تھا، مگر بدقسمتی سے سوائے چند باضمیر غیرت مند ججوں کے باقی پورا عدالتی نظام وینٹی لیٹر پر ہے۔“

اعظم سواتی مزید لکھتے ہیں کہ، ”اس لئے میں تمام وکلاء برادری، بار کونسلز، بار ایسوسی ایشنز اور ہر پڑھے لکھے طبقے و سول سوسائٹی سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔“

آخر میں سینیٹر سواتی نے لکھا کہ ، ”ان گھمبیر حالات میں ہمارے لئے ایک ہی راستہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نصرت سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہو کر حقیقی آزادی کے لئے جدوجہد کریں، تاکہ ہمارا ملک معاشی، معاشرتی، اخلاقی اور دینی طور پر قانون کی حکمرانی کے تابع آزاد اور خوشحال ہو سکے۔ اس لئے آؤ ہم عہد کریں کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بچانے کے لئے محض زبانی تقریروں، جلسوں اور ریلیوں سے آگے بڑھ کر اپنے لیڈر عمران خان کی طرح حقیقی آزادی کے لئے عملی قربانی دیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔“

Azam Swati

Tweets