وسائل کی کمی کے باعث سیلاب متاثرین کی بحالی میں وقت لگے گا، بلاول
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، بلوچستان اور سندھ کے کچھ علاقوں میں سیلابی پانی موجود ہے۔
خیرپور ناتھن شاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب کے باعث کسان فصل نہیں لگا سکے، ہم سب کو مل کر مسلسل جدوجہد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ سب ملکر ہی متاثرین کو مشکل سے نکال سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سیلاب متاثرین کی معاشی حالت بہتر کریں گے، ہمیں پورے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے، متاثرین کو بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے دوران ہمارا سیاسی مخالف سیاست کرتا رہا، ہمارے سیاسی مخالف نے سیاست کو انسانیت پر فوقیت دی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باعث متاثرین کی بحالی میں وقت لگے گا، ہم اپنے لوگوں کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اسمبلیوں سے استعفوں کا کہتے ہیں، شاہ محمود قریشی جیسے لوگ استعفوں کے وقت غائب ہوجاتے ہیں، عمران خان کی سیاست ملک کو نقصان پہنچارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے دور میں بارش متاثرین کے پاس نہیں گئے تھے، ان کی ضد پر قبل از وقت انتخابات نہیں ہوسکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پی پی وفاق میں اتحادی ہیں، ہم بلدیاتی قانون کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنانا چاہتے ہیں، بلدیاتی انتخابات کئی مرتبہ ملتوی ہوچکے ہیں، بلدیاتی انتخابات فیز ون کے منتخب نمائندے حلف نہیں اٹھاسکے۔ حلف نہ اٹھانے کے باعث نمائندےعوام کی خدمت نہیں کرپارہے۔
Comments are closed on this story.