Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بناکر آؤٹ

ابرار احمد نے 4 جبکہ نسیم شاہ اور آغا سلمان نے 3،3 وکٹیں لیں
اپ ڈیٹ 03 جنوری 2023 02:02pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوز لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز نیوزی لینڈ 449 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

ٹیسٹ کا دوسرا روز

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام بلنڈل اور اش سودھی نے دوسرے روز کھیل کا آغاز 309 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔

309 رنز پر ہی مہمان ٹیم کو ساتواں نقصان اٹھانا پڑا، نسیم شاہ نے پہلے سیشن کے دوسرے ہی اوور میں اش سودھی کو 11 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔

ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ٹم ساؤتھی بھی 10 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔

اس کے بعد میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل کے درمیان دسویں وکٹ کے لئے 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہوئی، 449 کے اسکور پر اعجاز پٹیل بھی ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اعجاز پٹیل 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میٹ ہینری 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ٹیم کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ نسیم شاہ اور آغا سلمان نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میر حمزہ اور حسن علی کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

کھیلا کا پہلا روز

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کیوی اوپنرز ٹام لیتھم اور ڈیوون کونوے نے ٹیم کو پراعتمان آغاز فراہم کیا، ٹام لیتھم نصف سنچری جبکہ ڈیوون کونوے سنچری بناکر پویلین لوٹے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی نسیم شاہ نے دلائی، انہوں نے ٹام لاتھم کو 71 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ دوسری وکٹ آغا سلمان نے سیٹ بیٹر ڈیوون کونوے کی لی، کونوے 122 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد کین ولیمسن کو نسیم شاہ نے 36 رنز پر آؤٹ کیا، ہینری نکلز 26 رنزبناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 اور مائیکل برائسویل صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آخری سیشن میں پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور پیسر نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے آغا سلمان نے 3 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، نسیم شاہ نے دو اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے دن کے اختتام پرنیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 309 رنز بنائے تھے جبکہ ٹام بلنڈل اور سودھی بالترتیب 30 اور 11 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں

قومی ٹیم نے محمد وسیم اور اسپنر نعمان علی کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی اور نسیم شاہ کو شامل کیا جبکہ مہمان ٹیم نے فاسٹ بولر نیل واگنر کی جگہ میٹ ہینری کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ دیکھنے کے لئے تماشائیوں کا داخلہ مفت ہے۔

پاکستان کی ٹیم

دوسرے ٹیسٹ کے لیے عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان آغا، حسن علی، نسیم شاہ، میر حمزہ اور ابرار احمد قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم

ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ٹِم ساؤتھی (کپتان)، اش سودھی، میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔

cricket

test series

karachi test

Pakistan vs New Zealand

PAK V NZ