Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’اسلام آباد میں میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا‘

'ننیانوے لوگ میئر کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں'
شائع 02 جنوری 2023 03:48pm

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ عدالت کا ہر فیصلہ قابلِ احترام ہے، جس پر من وعن عمل کیا جائے گا۔ اگلی سماعت آئندہ پیر کو ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل کا کہنا تھا کہ پہلے بھی نواز شریف کے دور میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے، ن لیگ کے ہر دور میں عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا، عوام مسلم لیگ ن کی خدمات کو نہیں بھولے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اسلام آباد میں میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا، پتا چل جائے گا کہ کس جماعت کی کتنی مقبولیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی سربراہی میں اسلام آباد کو ترقی دیں گے، اسلام آباد میں تیزی سے آبادی بڑھ رہی ہے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، 99 لوگ میئر کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کروائے، شیڈول جاری ہونے کے بعد پی ٹی آئی آرڈینس لے آئی، پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی تھی، پی ٹی آئی نے بھی میئر کے براہ راست انتخاب کی بات کی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں انتخابات سے کوئی خطرہ نہیں ہے، بلدیاتی نظام میں اصلاحات منظور ہوچکی ہیں۔

Islamabad High Court

Islamabad LG polls