Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب سمیت دیگر وزراء کی پاکستانیوں کو سال نو کی مبارکباد

کشمیریوں اور فلسطینوں کو یاد رکھنے اور ان کی آزادی کیلئے دعا کی اپیل
شائع 01 جنوری 2023 11:55am
فوٹو۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی، گورنر پنجاب بلیٖغ الرحمان اور ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ سمیت پنجاب کے وزرا ء نے تمام پاکستانیوں کو سال نو کی مبارکبادپیش کی۔

تمام رہنماؤں نے کشمیریوں اور فلسطینی بہن بھائیوں کو سال نو کے آغاز میں یاد رکھنے اور ان کی آزادی کے لئے دعا کی اپیل بھی کی۔

2023 میں بھی عوام کی فلاح وبہبود کا مشن جاری رکھیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب نے سال نو پر اپنے پیغام میں کہا کہ سال 2023 پاکستانی قوم کے لئے عزم نو کی نوید ہے ،نئے سال میں پرانی عداوتیں بھول کرمحبتیں بانٹیں، دعا ہے کہ نیاسال وطن عزیز میں معاشی، سیاسی استحکام اور خوشحالی لائے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ نئے سال میں جوش و جذبہ کے ساتھ وطن عزیز کی ترقی کے لئے کام کرنے کا عہد کرتے ہیں ،2023 میں بھی عوام کی فلاح وبہبود کا مشن جاری رکھیں گے،دین کی خدمت کا جو بیڑا اٹھایا ہے، اسے مزید آگے بڑھائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ نیا سال روشن مستقبل، مضبوط معیشت اور ترقی کی امید بن کر طلوع ہوگا،2023 ماضی سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

نیا سال چوروں اور لٹیروں سے نجات کا سال ہوگا، میاں اسلم اقبال

سینئر صوبائی وزیر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اہل وطن کو نئے سال کی مبارک باد دیتا ہوں، اللہ تعالیٰ نئے سال کے دوران قوم کو امن، خوشحالی اور کامیابیاں عطا فرمائے امید ہے نیا سَال اہل وطن کے لئے خوشیاں لائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیا سال چوروں اور لٹیروں سے نجات کا سال ہوگا ،پاکستان تحریک انصاف 2تہائی اکثریت سے اقتدار میں آئے گی ،عمران خان کی قیادت میں ملک معاشی بحران سے نکلے گا ،پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ نیاسال طویل عرصے سے بھارتی مظالم سہنے والے کشمیریوں کے لئے آزادی کا سال ثابت ہو۔

اللہ سے دعا ہے نیا سال آئین اور جمہوریت کی بالا دستی کا سال ہو ، مسرت جمشید چیمہ

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس امید کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہ اللہ تعالیٰ اس سال پاکستان پر اپنا خاص کرم فرمائے اور ہمیں چوروں سے نجات عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ آئندہ سال پاکستان میں طاقتور اور کمزور قانون کے سامنے برابر ہوں،اس سال عوام کی جان و مال محفوظ رہے، کسی ماں کا بیٹا شہید نہ ہو، کسی پر قاتلانہ حملہ نہ ہو،خدا کرے نیا سال میرے ملک کے باسیوں کے لئے رحمتوں اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔

ترجمان پنجاب حکومت کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان اور پاکستانیوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، رب تعالیٰ سے دعا ہے سال 2023 پاکستان میں آئین اور جمہوریت کی بالا دستی کا سال ہو ، شفاف اور منصفانہ الیکشن سے اس ملک کی تقدیر مخلص قیادت کے سپرد ہو۔

امید ہے یہ سال ملک کی ترقی اورامن کا سال ثابت ہوگا، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ امید ہے یہ سال ملک کی ترقی اورامن کا سال ثابت ہوگا،اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نئے سال میں ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔

cm punjab

lahore

Chaudhry Pervaiz Elahi

governor punjab

baligh ur rehman

Mian Aslam Iqbal

Musarrat Jamshed Cheema

New Year Eve 2023