گورنر خیبرپختونخوا نے ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق بل پر دستخط کردیے
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ہیلی کاپٹرکے استعمال سے متعلق بل پر دستخط کردی، انہوں نے بل پر دستخط کرکے 6صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ بھی لکھ دیا ہے۔
اس حوالے سے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ بل پر دستخط کر دیے ہیں لیکن بل پر اختلافی نوٹ بھی لکھا ہے کہ یہ فنانس بل نہیں ہے۔
حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ اسپیکر کی جانب سے ہیلی کاپٹر بل کو فنانس بل قرار دیا گیا ہے ،اس لئے آئین کی روح سے بل کو نہیں روک سکتے ہیں۔
گورنر کا مزیدکہنا ہے کہ منتخب نمائندے یا متاثرہ کوئی اور بل کے حوالے سے عدالت سے رجوع کرسکتا ہے اور پھر عدالت کا فیصلہ سب کے لئے قابل قبول ہوگا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق بل منظوری کے بعد گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو دستخط کے لئے بھیجا تھا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے دستخط کیے بغیر بل پر اعتراضات لگا کر اسے واپس اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھیج دیا تھا۔
اسپیکر نے جواب میں گورنر کو ان کے اختیارات کے حوالے سے بل پر اپنا نوٹ لکھ کر واپس بھیجا تھا۔
صوبائی اسمبلی سے منظور ہونے والے بل کے تحت 2008 سے ہیلی کاپٹر کے استعمال کو قانونی تحفظ دیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.