Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
10 Rajab 1446  

سال 2022 کے دوران ہاکی میں پاکستان کی کارکردگی کیسی رہی؟

2022 کا سال بھی قومی کھیل ہاکی کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت
شائع 28 دسمبر 2022 09:25am
پاکستان ہاکی ٹیم
پاکستان ہاکی ٹیم

2022 کا سال بھی قومی کھیل ہاکی کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، قومی ٹیم کسی بھی ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔

پاکستان نے قومی کھیل ہاکی میں 4بار ورلڈ کپ اور 3بار اولمپکس گیمز سمیت متعدد ٹائٹل جیت رکھے ہیں لیکن اب پاکستان ہاکی کی انٹرنیشنل رینکنگ میں 18ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

قومی ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز، ایشیا کپ، اذلان شاہ کپ سمیت مختلف ایونٹس میں مجموعی طور پر 30 میچز کھیلے، 11 میچز جیتے اور 12 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 7 میچز برابر رہے۔

قومی ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز اور نیشن کپ میں ساتویں پوزیشن، ایشیا کپ میں پانچویں پوزیشن، فائیو اے سائیڈ اور اذلان شاہ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی، تمام تر دعوؤں کے باوجود ہاکی لیگ کا انعقاد بھی نہ ہوسکا۔

پاکستان ویمنز ٹیم کو انڈور ہاکی ایشیا کپ کے چاروں میچوں میں شکست کا سامنا ہوا، اس ایونٹ میں قومی ویمن ٹیم صرف ایک گول کر سکی جبکہ 45 گول اس کے خلاف ہوئے۔

ناقص کارکردگی اور پی ایچ ایف کے انتخابات بروقت نہ ہونے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ہاکی فیڈریشن سے الحاق ختم کر دیا۔

فیڈریشن کے خود ساختہ انتخابات میں صدر خالد سجاد کھوکھر کے ساتھ آصف باجوہ کی جگہ کراچی کے حیدر حسین سیکرٹری پی ایچ ایف منتخب ہوئے۔

تاہم انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے انتخابات میں پاکستان کے طیب اکرام نے الیکشن جیت کر اس منصب پر منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز حاصل کیا۔

lahore

ہاکی

national game

pakistan sports board