Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریک انصاف کی آج گورنر ہاؤس پنجاب پر احتجاج کی تیاری

سندھ کے عوام کا پیسہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ پر خرچ ہورہا ہے، فواد چوہدری
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2022 08:36am

**پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج جمعرات کو لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ احتجاج کا اعلان بدھ کی شام پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری اور حماد اظہر نے پریس کانفرنس کے دوران کیا تھا۔٭٭

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے، گورنر پنجاب نے آرڈر جاری کیا ہے کہ 24 گھنٹے کے اندر وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ لی۔

لاہور کے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسپیکر نے منظور وٹو کیس کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیراعلیٰ کو کم از کم 10 دن کا وقت دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاسی صورتِ حال بدل رہی ہے، پی ڈی ایم کہتی ہے الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے، پی ڈی ایم کی تحاریک کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے۔ پرویزالہیٰ کو 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ ق لیگ کے 10 ارکان نے پرویزالہیٰ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ کے عوام کا پیسہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ پر خرچ ہورہا ہے، ایم پی ایز نے بتایا کہ انہیں پیسوں کی آفرز آرہی ہیں۔ ہماری خواتین اراکین کو پہلے 5 کروڑ روپے آفر کیے گئے، ان ایم پی ایز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پیسوں کی آفر مسترد کردی۔

اس موقع پر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک تماشہ لگایا ہوا ہے، پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کی توہین کی جارہی ہے۔

حماد اظہر نے کہاکہ کہ گورنر ہاؤس کے باہر کل 5 بجے مظاہرہ ہوگا، جس میں عمران خان کارکنوں سےخطاب کریں گے۔

انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ کل گورنر ہاؤس ضرورپہنچیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب عوام خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔

pti

punjab assembly

Hammad Azhar

Fawad Chaudhary

Politics Dec21 2022

politics Dec 22 2022