افغانستان ثابت کرے وہ ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کی صلاحیت رکھتا ہے، بلاول
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ افغانستان کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ٹی ٹی پی اور اپنی سرزمین پر سرگرم دیگر گروپوں کیخلاف کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بنوں جیسے واقعات الارمنگ ہیں، پاکستان خطے میں دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے۔
واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل کےمباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ امریکا سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، پاکستان اور امریکا مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں، امن کے لئے امریکا کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان میں اپنے ہمسایوں کو بتانا ہوگا کہ انہیں یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ٹی ٹی پی اور وہاں متحرک دیگر گروپوں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔
بلاول نے کہاکہ انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد خارجہ پالیسی کو اہمیت دی، صحت اور دیگرشعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں، کورونا کے باعث معیشت کو شدید نقصان پہنچا، پاکستان تحفظ خوراک کے لئے ٹھوس اقدامات کررہا ہے، پاکستانی بڑی تعداد میں امریکا میں کاروبار کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے میں تباہی ہوئی، سیلاب کے باعث تیار فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، جون سے ستمبر تک پاکستان میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، پاکستان میں 33 ملین افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، متاثرین کی بحالی کے لئے تعاون کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئندہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی پر کام کررہے ہیں، سیکرٹری جنرل یواین کی امداد کی اپیل پر مشکور ہوں، موسمیاتی تبدیلی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، سنجیدہ اقدامات اور باہمی تعاون سے مسائل کا حل ممکن ہے۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ امریکا، یورپ اور دیگر خطوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، موجودہ حکومت معاشی اصلاحات کررہی ہے، پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے۔
Comments are closed on this story.