Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جنوبی وزیرستان میں تھانے پر 50 سے زائد دہشتگردوں کا دھاوا

پچاس سے زائد مسلح حملہ آوروں نے راکٹ لانچروں، دستی بموں اور ہلکے ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
شائع 20 دسمبر 2022 11:24am

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں پولیس اسٹیشن پر خودکار ہتھیاروں سے حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد مارا گیا۔ فائرنگ سے ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ درمیانی شب وانا سٹی پولیس اسٹیشن پر 50 سے زائد حملہ آوروں نے دھاوا بولا اور تھانہ میں موجود سرکاری اسلحہ اور گولا بارود ساتھ لے گئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک ہوا جس کی لاش کو سکیورٹی فورسز نے تحویل میں لے کر ایف سی کیمپ منتقل کردیا۔

پولیس فورس کے مطابق 50، 60 مسلح حملہ آوروں نے پہلے راکٹ لانچروں، دستی بموں اور ہلکے ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اس دوران حملہ آور تھانہ کے اندر داخل ہوئے اور پولیس اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیے۔

حملہ آور تھانہ میں موجود تمام تر ہتھیار ساتھ لے گئے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کی تیاری شروع کردی ہے۔

انٹیلی جنس بیورو کے انسپکٹر کا قتل

دوسری جانب گزشتہ روز پشاور میں ورسک روڈ پر موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے انٹیلی جنس بیورو کے انسپکٹر کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ورسک روڈ پر متھرا کے علاقے میں پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں انسپکٹر شوکت جاں بحق ہوگئے، جب کہ موٹر سائیکل سوار حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتل منتقل کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

South Waziristan

Wana

Attack on Police Station

IB Inspector Murder