Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی ٹیسٹ: پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار، 6 کھلاڑی آؤٹ

قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان کے 177 رنز بنا لیے
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2022 03:03pm
فوٹو۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔ اے ایف پی

کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان کے 177 رنز بنا لیے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 21 رنز بغیر کسی نقصان سے کیا تو شان مسعود 3 اور عبداللہ شفیق 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 29 رنز درکار تھے۔

پاکستان کا اسکور 53 رنز پر پہنچا تو پہلے شان مسعود ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں لیچ کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی بھی دوسری ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیل رہے تھے، آؤٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے اظہر علی کو ٹیم کی جانب سے بلے فضا میں لہرا کر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس کے بعد 54 اسکور پر پاکستان کو تیسرا نقصان بھی اٹھانا پڑا، عبداللہ شفیق بھی 26 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اس کے بعد کپتان بابراعظم اور سعود شکیل نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لئے 110 رنز کی شراکت قائم کی، ٹیم کا اسکور 164 تک پہنچا تو بابراعظم 54 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ٹیم کے مجموعی اسکور میں 12 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ محمد رضوان بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، رضوان کے جاتے ہی سعود شکیل 53 رنز بناکر بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹے، دونوں بلے بازوں کو ریحان احمد نے آؤٹ کیا۔

اب تک قومی ٹیم نے 60 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنالیے اور پاکستان کو انگلینڈ پر 127 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔

اس وقت آغا سلمان ایک اور فہیم اشرف صفر رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 304 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 354 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 50 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کوپاکستان کے خلاف 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

test series

karachi test

Pakistan vs England

batting