Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لائنل میسی فیفا ورلڈ کپ 2022 کے بہترین کھلاڑی قرار

دور حاضر کے عظیم فٹبالر لائنل میسی نے میگا ایونٹ کو یادگار بنادیا
شائع 19 دسمبر 2022 09:14am
فوٹو۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

دور حاضر کے عظیم فٹبالر لائنل میسی نے میگا ایونٹ کو یادگار بنادیا، فیفا ورلڈکپ 2022 میں شاندار کارکردگی پر میسی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔

قطر میں فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دے کر تیسری بار ورلڈ کپ جیت لیا۔

قطر کے شہر لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ مقررہ وقت میں میچ 2-2 سے جبکہ اضافی وقت میں 3-3 سے برابر ہوا تاہم فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹینا نے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔

ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کا خواب تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو فاتح بنائیں یوں ارجٹینا نے فرانس کو شکست دے کر تیسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا اور میسی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا۔

اس سے قبل ارجنٹینا نے 1978 اور 1986 میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

میچ کے بعد تقریب تقسیم انعامات میں لیونل میسی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ ارجنٹینا کے گول کیپر کو ایونٹ کا بہترین گول کیپر قرار دیا گیا۔

ارجنٹینا کے اینزو فرنانڈز نوجوان کھلاڑی برائے ٹورنامنٹ رہے جبکہ فائنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیائے فٹبال کے دوسرے کھلاڑی فرانس کے ایمباپے گولڈن بوٹ کا ایوارڈ لے اڑے۔

دوسری جانب ارجنٹینا کی جیت پر قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لوسیل اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ فرانس کے کھلاڑی اور تماشائی شکست پر جذباتی بھی نظر آئے جن کو حوصلہ دینے کے لئے فرانسیسی صدر میدان میں آئے اور کھلاڑیوں کو گلے لگا کر داد دی۔

میسی کو ٹرافی سے قبل عرب روایت کا خاصہ جبہ پہنایا گیا جس کے بعد انہیں ٹرافی دی گئی۔

ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لائنل میسی میچ کے بعد اسٹیڈیم میں اپنی والدہ سے گلے مل کر جذباتی بھی ہوئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

France

Argentina

FIFA World Cup 2022

Qatar Football

Leonel Messi