ملک تکنیکی طور پر ڈیفالٹ کرچکا، شیخ رشید کا بڑا دعویٰ
سابق وفاقی وزیر اور سربراہ عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ملک تکنیکی طور پر ڈیفالٹ کرچکا، حکومت کے پاس تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے پیسے نہیں ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 17 دسمبر کو شام 8 بجے قوم سے خطاب کرکے اسبملیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے، اب پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے، انہیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چور حکومت نے اپنے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں ترمیم کی، اور اپنے کیسز معاف کرائے، اُمید ہے سپریم کورٹ ان چوروں کے کیسز کا نوٹس لے گی جب کہ میری درخواست ہے نیب کیسز ختم کرانے والوں کو ایکزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ عمران خان کو نااہل کرکے کیئر ٹیکر کی مدت بڑھانا چاہتے ہیں، مگر عمران خان ان لوگوں کی بات کبھی نہیں مانیں گے اور وہ سادہ اکثریت سے اپنی حکومت قائم کریں گے۔
Comments are closed on this story.