صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا معاملہ زیرغور
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی لاہور میں ملاقات ہوئی ہے، جس میں مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور سمیت دیگر معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔
صدرمملکت نے حکومتی نمائندوں اور عمران خان سے ہونے والی ملاقات پر گفتگو سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا معاملے پر بھی زیر غور آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے صدر مملکت عارف علوی کو ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ چند ماہ میں وفاقی حکومت پاکستان کو کئی برس پیچھے لے گئی، معیشت گررہی ہے، یہ اپنے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں، نااہل ٹولہ صرف اپنی سیاست بچانے میں لگا ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، پنجاب کی وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے۔
اس موقع پر صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستانی بن کر صرف پاکستان کا ہی سوچنا ہے، سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، صورتحال کے تحت فیصلے کرنا ہوتے ہیں، معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں، پوری امید ہے کہ پاکستان کے لئے بہتر راستہ نکل آئے گا۔
Comments are closed on this story.