منی لانڈرنگ کیس: حمزہ شہباز کی حاضری معافی منظور
لاہور کی احتساب عدالت نے شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ایک روز کی حاضری معافی منظور کرلی اور مستقل حاضری معافی پر دلائل طلب کرلیے۔
احتساب عدالت لاہور نے وزیراعظم شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی، حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
حمزہ شہباز کے وکلاء نے ان کی حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی، عدالت کو بتایا گیا کہ حمزہ شہباز کی بیٹی دل کی مریضہ ہے وہ لندن میں بیٹی کے علاج کے لئے گئے ہیں۔
احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
وکلاء نے بتایا کہ حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست بھی زیر التواء ہے، نیب نے مستقل حاضری معافی پر کوئی اعتراض نہیں کیا، وزیراعظم شہباز شریف کو عدالت نے مستقل حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔
عدالت نے حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر دلائل اور ریفرنس کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed on this story.