Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی اے سی نے تمام سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات طلب کرلیں

سرکاری اراضی پر قابضین سے واگزار کرواکر شفاف طریقہ سے الاٹ کریں، چیئرمین
شائع 13 دسمبر 2022 08:12pm
فوٹو۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔ فائل

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے گزشتہ دس سالوں میں توشہ خانے سے تمام سیاستدانوں، جنرلوں، ججوں اور بیورو کریٹس کوملنے والے تحائف کی تفصیلات طلب کرلیں۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس نورعالم کی صدارت میں ہوا۔

چیئرمین پی اے سی نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ 2013 سے 2022 تک کا توشہ خانے کا مکمل ریکارڈ آیڈیٹر جنرل کو فراہم کیا جائے، اس میں تمام سیاستدانوں، جنرلوں ، ججوں اوربیوروکریٹس کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات پیش کی جائیں۔

تحائف کی معلومات فراہم کرنے کیلئے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کی طرف سے سپریم کورٹ، آرمی، نیوی، ائیر فورس اور صوبائی گورنروں کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ کی طرف سے بتایا گیا کہ کراچی میں منسٹری آف ہاؤسنگ کے 487 غیر قانونی قابضین سے گھر خالی کروائے گئے، ان غیرقانونی گھروں میں اب الاٹیزکی چوتھی نسل آباد ہے، ابتک 7کروڑ15 لاکھ روپے ریکور کیے گئے ہیں، اس میں سے 27 لاکھ دکانداروں سے وصول کی گئی ہے۔

چیئرمین پی اے سی نے ہدایت کی کہ ان سرکاری اراضی پر قابضین سے واگزار کرواکر شفاف طریقہ سے الاٹ کریں، جو بھی وزیر، گورنر یا حکومتی عہدیدار اس غیرقانونی کام میں ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی کریں، ایف آئی اے اس حوالے سے کاروائی کرے۔

پی اے سی نے نیب کو عمارت 5 سے 10 روز میں خالی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوری واجبات ادا کئے جائیں، اگلے اجلاس میں چیئرمین نیب سے وضاحت طلب کی جائے گی، نیب 12 کروڑ روپے کا نادہندہ ہے، نیب سے بہت بڑے بڑے سیاستدان اور بیورو کریٹ ڈرتے ہیں، نیب سے عمارت خالی کرانے کیلئے پولیس، ایف آئی اے ، رینجرز اور فوج سے بھی مدد طلب کی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں وفاقی سرکاری ملازمین کی رہائش کیلئے بنائے گئے 1665 کوارٹرزاوراپارٹمنٹ تعمیرکیئے گئے، ان میں سے پنجاب پولیس نے 10 کوارٹرز پر قبضہ کرلیا جو آج تک برقرار ہے۔

پی اے سی نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ مانگ لی اور ہدایت کی کہ 15 دن کے اندر پنجاب پولیس سے سرکاری کوارٹرز خالی کرائیں، پی اے سی نے سرکاری گھروں پر قبضہ والے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ کے 6 بعد سرکاری گھر پر قبضہ رکھے اس کی پنشن روک دی جائے، مندرہ چکوال اور سوہاوہ چکوال روڈ کی تعمیر میں 8.8 ارب کی اضافی ادائیگی کا انکشاف ہوا جس پر پی اے سی نے کیس انکوائری کیلئے ایف آئی اے کو بھجوا دیا۔

PAC

Noor Alam Khan

Housing Society