Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم نے سکھر حیدرآباد موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

سکھر حیدر آباد موٹروے پشاور کراچی موٹروے کا آخری حصہ ہے
اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2022 12:49pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے سکھر میں 306 کلو میٹر طویل سکھر حیدرآباد موٹروے ایم 6 کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعظم سکھر حیدرآباد موٹروے کا سنگ بنیاد رکھنے سکھر پہنچے، سکھر ایئر پورٹ پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وفاقی وزراء احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مولانا اسد محمود، امین الحق، قمرزماں کائرہ اور ناصر حسین شاہ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔

سکھر حیدر آباد موٹروے پشاور کراچی موٹروے کا آخری حصہ ہے، اس منصوبے کے بعد پاکستان کے تمام بڑے شہر موٹرویزسے منسلک ہوجائیں گے۔

مذکورہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 30 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوگا۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق منصوبے پر 307ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی جس پر 15 انٹر چینج، دریائے سندھ پر ایک بڑا پُل، 19 انڈر پاس اور 6 فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے۔

موٹروے کے دونوں اطراف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر 10 سروس ایریاز تعمیر ہوں گے، یہ موٹر وے جام شورو، حیدرآباد، مٹیاری، بے نظیر آباد، نوشہرو فیروز، خیر پور اور سکھر کے اضلاع سے گزرے گی۔

’ملک کو موٹروے کےذریعے جوڑنے کے خواب کی تکمیل کا آج اہم دن ہے‘

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان کہا کہ ملک کو موٹر وے کے ذریعے جوڑنے کے خواب کی تکمیل کا آج ایک اہم دن ہے، وزیرِ اعظم آج 306 کلومیٹر طویل سکھرحیدر آباد موٹروے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی شراکت داری سے ایم 6 کو تعمیر کیا جا رہا ہے، وزیرِ اعظم آج پہلے سکھر اور پھر حیدر آباد میں تقاریب میں شرکت کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ منصوبے سے حادثات سے بچاؤ کے علاوہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی۔

PM Shehbaz Sharif

Sukkur Hyderabad Motorway

inaugration