سلیمان شہباز ایک دن میں دو مرتبہ عدالت پیش، ضمانت منظور
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ریفرنس میں بھی وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی 14 روز تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے نیب کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخوست پرسماعت کی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے نے خود کو عدالت میں سرینڈر کیا تھا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے سلیمان شہباز سے متعلق پوچھا تو وکیل نے کمرہ عدالت میں موجود ہونے کا بتاتے ہوئے استدعا کی کہ اسپیشل جج سینٹرل لاہور پیش ہونے کے ضمانت دی جائے۔
بعدازاں عدالت نے سلیمان شہباز کی 2 ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
سلیمان شہباز نے اپنے خلاف قائم مقدمات میں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے لئے رجوع کر رکھا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نےایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ پاکستان آمد پر سلیمان شہباز کو گرفتار نہ کیا جائے، ہائیکورٹ نے سلمان شہباز کو عدالت کے سامنے 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔
پاکستان اپنے مقدمات کا سامنا کرنے آیا ہوں، سلیمان شہباز
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلیمان شہباز نے سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورحکومت میں کرپشن کا بازار گرم کیے رکھا، عمران خان دور میں قرضہ بڑھا، کرپشن ہوئی، توشہ خانہ فروخت کیا، عمران خان اور بچہ پارٹی کے حساب کا وقت آ گیا ہے، ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، ان کے کھیل تماشے کو سب نے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں پوری لیگی قیادت پر جھوٹے مقدمات بنائے، رانا ثناء اللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، فیصلہ بھی آگیا، برطانیہ کی عدالتوں میں بھی ہمارے خلاف کیسز جھوٹے ثابت ہوئے، برطانیہ کی عدالتوں میں ہمارے خلاف کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہوا۔
سلیمان شہباز نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو شریف فیملی کے خلاف مقدمات بنانے کا کہا جاتا تھا، پاکستان اپنے مقدمات کا سامنا کرنے آیا ہوں، برطانوی عدالتوں میں بھی ہم نے کیسز کا سامنا کیا ہے، منی لانڈرنگ اور 500 ارب کے کیسز کا کیا بنا؟۔
وزیراعظم کے صاحبزادے نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر آج نظر نہیں آتے، بیرون ملک فرار ہیں، ہمارے خلاف ایک پیسے کی بھی منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی، شہزاد اکبر عمران خان کے کہنے پر انگلینڈ کے چکر لگاتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیل میل نے شہباز شریف سے معافی مانگ لی ہے، عمران خان نے سائفر کے معاملے پر قوم کو گمراہ کیا ،انہوں نے 4 سال میں بھاری قرض لینے کے باوجود کوئی منصوبہ نہیں لگایا۔
سلیمان شہباز نے ملک میں سازگار ماحول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک میرے ساتھ سیاست ہوئی ہے اب ہم کریں گے۔
Comments are closed on this story.