Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مراد سعید کا مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں پر صدر مملکت کو خط

مجھے جان سے مارنے کی کئی بار منصوبہ بندی کی گئی، خط
شائع 12 دسمبر 2022 11:57pm
پی ٹی آئی رہنما مراد سعید۔ فوٹو — فائل
پی ٹی آئی رہنما مراد سعید۔ فوٹو — فائل

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مراد سعید نے مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں پر صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ دیا۔

مراد سعید نے خط میں مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں کی تفصیلات دیں اور کہا کہ میں موت سے ڈرتا نہیں اور حق کی بات کہتا رہوں گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے خط میں لکھا کہ میرے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے، اگست سے اب تک مجھے جان سے مارنے کی کئی بار منصوبہ بندی کی گئی جب کہ حکام نے مطلع کیا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔

خط کے متن کے مطابق 12جولائی کو ارشد شریف نے بھی آپ کو خط لکھا لیکن کسی نے نوٹس لیا نہ ہی ارشد شریف کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا گیا لہٰذا امید ہے ارشد شریف کے خط کے حوالے سے برتی گئی غفلت کو نہیں دہرایا جائے گا۔

مراد سعید کے خط کو ٹویٹ کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس سے خط کے مندرجات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

عمران خان نے کہا کہ میری چیف جسٹس آف پاکستان سے استدعا ہے کہ اس خط کے متن و مندرجات کا نوٹس لیں، بد قسمتی سے ہماری معزز عدلیہ کی عدم مداخلت کے باعث پہلے ہی سینیٹر اعظم سواتی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اپنی جان کو لاحق خطرات کے بارے میں بذریعہ خط صدرِ مملکت کو آگاہ کرنے کے باوجود ارشد شریف کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کے بعد میری چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ اس کا نوٹس لیں کہیں بہت دیر نہ ہوجائے۔

pti

imran khan

Murad Saeed

President Arif Alvi

arshad sharif