’فوج کو سوچنا چاہئے ہم کہاں کھڑے ہیں، ملک نیچے گیا تو عدلیہ بھی جوابدہ ہوگی‘
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ فوج کو سوچنا چاہئے آج ہم کہاں کھڑے ہیں، اگر ملک کو کچھ ہوا تو عدلیہ بھی جوابدہ ہوگی۔
لاہور میں معاشی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کو معلوم ہونا چاہئے معاشی طور پر ہم کہاں جا رہے ہیں، معاشی حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اسی لئے معاشی ٹیم کو مشاورت کے لئے بلایا ہے، حیرت ہے صنعتکار اور دیگر کاروباری شخصیات احتجاج کیوں نہیں کر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم اور اداروں سے مخاطب ہوں، معاشی بدحالی کے اثرات تمام اداروں پر پڑیں گے، معیشت نیشنل سکیورٹی کا اہم پہلو ہے، ملکی برآمدات میں تیزی سے کمی آرہی ہے، دیگر ممالک کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے جس کی وجہ سے باہر سے پیسہ نہیں آنا۔
عمران خان نے کہا کہ 27 فیصد انڈسٹریل گروتھ اب صفر پر آچکی ہے، ڈالرکی قیمت تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، قرضے واپس کرنے کے لئے ڈالر کی ضرورت ہے، 75 سال میں اس سے زیادہ خوفناک صورتحال آج تک نہیں دیکھی، لہٰذا ملکی مسائل کا واحد حل فوری شفاف انتخابات ہیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سلمان شاہ نے بذریعہ آڈیو معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے غلط انداز میں ڈیل کیا جا رہا ہے، حکومت کی معاشی ٹیم میں سنجیدہ لوگ شامل نہیں ہیں۔
Comments are closed on this story.