Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  
Live
Politics Dec12 2022

پرویز الٰہی 22 دسمبر تک پنجاب اسمبلی توڑ دیں گے، سینیٹر عون عباس

ہمارے استعفوں سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی، پی ٹی آئی رہنما
اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2022 09:42pm
Kiya hukumat aur PTI kay darmiyan muzakraat ka imkaan khatam?| Faisla Aap Ka with Asma Shirazi

رہنما پاکستان تحریک انصاف سینیٹر عون عباس بپی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی 22 دسمبر تک صوبائی اسمبلی تحلیل کردیں گے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے عون عباس نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد این ایف سی ایوارڈ آیا جس میں ہر صوبے کو آبادی کے لحاظ سے رقم دی جاتی ہے، اگر آج وفاق کراچی سمیت ملک بھر سے ٹیکس وصول کرنے کے باوجود صوبے کو پیسہ نہیں دے تو صوبہ تنخواہوں کی ادائیگی کیسے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت خیبرپختونخوا نے پنجاب کو گندم کی واجبات کے تحت 20 ارب روپے دینے ہیں، پنجاب نے کے پی کی گندم روک لی جو کہ پاسکو میں موجود ہے، اس وقت خیبرپختونخوا میں گندم کا بحران ہے، ایک ماہ سے صوبے میں گندم کی بوری نہیں جا رہی۔

عون عباس نے کہا کہ رانا ثناء کا کیس پڑھ رہا تھا کہ اسے معافی کیسے ہوگئی، اس کیس میں صرف تھانوں کی لوکیشن کا فرق تھا۔

ہمارے استعفوں سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی، عون عباس

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک ڈیفالٹ کر رہا ہے، اس بات کو چھوڑدیں کہ بھارتی میڈیا کیا رپورٹ کر رہا ہے، ہم 26 ارب ڈالر کے ذخائر چھوڑ کر گئے تھے، لہٰذا یہ حکومت ہم سے بہتر معیشت نہیں چلا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے استعفوں سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی، اس حکومت کے پاس صرف 8 ماہ رہ گئے جس میں یہ کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے، بجٹ میں کوئی سبسڈی بھی نہیں دے پائیں گے اور اگر صورتحال اتنی بُری تھی تو ہمیں مزید 6 ماہ حکومت کرنے دیتے، البتہ 20 سے 22 دسمبر تک ہم پنجاب اسمبلی توڑ دیں گے۔

پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کی تو سیاست چھوڑ دوں گا، نبیل گبول

پی پی رہنما نبیل گبول نے کہا کہ ہم نے صوبے کو وفاق سے لڑانے کی دھمکی نہیں دی لیکن پی ٹی آئی ملک کو توڑنا چاہتے ہیں، عمران خان نے کراچی کے لئے 1100 ارب کا اعلان کیا جس کے بعد شہر کو 11 روپے بھی نہیں ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کی طرف نہیں جائے گا، ہم فیٹف سے نکل آئے ہیں، پی ٹی آئی کا اس میں کوئی کردار نہیں، انہوں نے ساڑھے تین سال تک نیب کو استعمال کرتے ہوئے مخالفین کو گرفتار کروایا۔

نبیل گبول نے کہا کہ یہ اسمبلیاں توڑ کر دکھائیں، کل الیکشن کرادیں گے، میں سیاست چھوڑ دوں گا اگر پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کردی، وہ عمران خان کی بات نہیں مانیں گے۔

تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ ملک کا حال اچھا نہیں، ریاست کے اندر پیچیدہ قسم کی متعدد بیماریاں ہیں، وفاق اور صوبوں کے درمیان تناؤ ہوا جو بھارتی میڈیا میں بھی نشر ہوا۔

صوبے اور وفاق کا بہت سنجیدہ معاملہ ہے، اس پر سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے، اس کا تعلق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور ڈیفالٹ ہونے کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔

تجزیہ کار نے کہا کہ 18ویں ترمیم کا معاہدہ بہت خون خرابےکے بعد ہوا تھا، آج کے پی حکومت کو بات کرنے کا موقع این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم کی وجہ سے آیا ہے۔

’فوج کو سوچنا چاہئے ہم کہاں کھڑے ہیں، ملک نیچے گیا تو عدلیہ بھی جوابدہ ہوگی‘

75 سال میں اس سے زیادہ خوفناک صورتحال آج تک نہیں دیکھا، عمران خان
شائع 12 دسمبر 2022 07:00pm
Value of dollar shooting up, greenback needed to repay IMF loan: Imran Khan | Aaj News

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ فوج کو سوچنا چاہئے آج ہم کہاں کھڑے ہیں، اگر ملک کو کچھ ہوا تو عدلیہ بھی جوابدہ ہوگی۔

لاہور میں معاشی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کو معلوم ہونا چاہئے معاشی طور پر ہم کہاں جا رہے ہیں، معاشی حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اسی لئے معاشی ٹیم کو مشاورت کے لئے بلایا ہے، حیرت ہے صنعتکار اور دیگر کاروباری شخصیات احتجاج کیوں نہیں کر رہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم اور اداروں سے مخاطب ہوں، معاشی بدحالی کے اثرات تمام اداروں پر پڑیں گے، معیشت نیشنل سکیورٹی کا اہم پہلو ہے، ملکی برآمدات میں تیزی سے کمی آرہی ہے، دیگر ممالک کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے جس کی وجہ سے باہر سے پیسہ نہیں آنا۔

عمران خان نے کہا کہ 27 فیصد انڈسٹریل گروتھ اب صفر پر آچکی ہے، ڈالرکی قیمت تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، قرضے واپس کرنے کے لئے ڈالر کی ضرورت ہے، 75 سال میں اس سے زیادہ خوفناک صورتحال آج تک نہیں دیکھی، لہٰذا ملکی مسائل کا واحد حل فوری شفاف انتخابات ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سلمان شاہ نے بذریعہ آڈیو معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے غلط انداز میں ڈیل کیا جا رہا ہے، حکومت کی معاشی ٹیم میں سنجیدہ لوگ شامل نہیں ہیں۔

’ڈیلی میل نےغیرمشروط معافی مجھ سے نہیں 22 کروڑ پاکستانی عوام سے مانگی ’

آصف زرداری کی بہن فریال تالپورکوعیدکےدن گرفتارکیاگیا، اپنی بہن علیمہ خان کواین آر او دیدیا گیا،وزیراعظم
اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2022 07:51pm
Daily Mail apologizes unconditionally, Delaying tactics were used by making excuses - Shehbaz Sharif

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومت نے مجھے، میرے خاندان، مسلم لیگ (ن) اور میاں محمد نواز شریف کو بدنام کرنے کی بھونڈی کوشش کی اور انتہائی لغو اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے وہ سب آپ کے علم میں ہے۔ جس کا مقصد پاکستان اور بیرون ملک ہمیں بدنام کرنے کی کوشش تھا۔

ن لیگی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اصل کیس پانامہ کا تھا فضا اقامہ کی ہوگئی جس کا کہیں کوئی ذکر نہیں تھا، اقامہ اس لئے لایا گیا کیونکہ پانامہ میں نواز شریف کا دور دور تک نام نہیں تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس زمانے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کا بیان چلا اور آپ نے دیکھا۔ سچ کو آنچ نہیں، دس بیس سال گزر جائیں لیکن سچ عود کر آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اور حواریوں نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو ہزاروں کاغذات دئے اور دو سال اس کی تحقیقات چلتی رہیں، اور نتیجہ آپ کے سامنے ہے کہ اللہ تعالٰی نے پاکستان اور مجھ خطاکار کی عزت رکھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پتھر دل سوچ کے حامل لوگوں نے سوچا پاکستان کو دنیا میں نقصان پہنچتا ہے تو کوئی بات نہیں کسی طرح شریف خاندان کو رسوا کرو۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کیا، بیرونی امداد روکنے کیلئے جھوٹی خبریں پھیلائیں، عمران نیازی کی بدعنوانیوں کے حوالہ سے فنانشل ٹائمز نے بتایا، عمران نیازی اگر سچا ہے تو فنانشل ٹائمز کے خلاف کیس کرے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیفڈ کے ذریعے ملی پنجاب میں آنے والے 600 ملین پاؤنڈ کی رقم کو شفاف طریقے سے خرچ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کے آرٹیکل میں لکھا تھا کہ شہزاد اکبر نے ڈیوڈ روس کو پاکستان کی جیلوں کی سیر کرائی اور ان کو گرفتار لوگوں سے ملوایا اور پھر اسٹوری چھاپی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اتوار کا دن تھا چھٹی تھی اس دن، اس کے باوجود برطانوی ادارے ڈیفڈ نے وضاحت دی کہ ایسا کچھ نہیں یہ بات غلط ہے۔ میرے ذاتی علم میں ہے کہ عمران نیازی کے پریشر سے چھ گھنٹے اس وضاحت کو موخر کرایا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان الزامات سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، دنیا میں تاثر دیا گیا کہ پاکستان کی امداد نہ کرو۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکا نےکہا ڈیلی میل کی خبر کی تحقیقات ہونی چاہئے، جس کے فوراً بعد میں نے انہیں لیگل نوٹس جاری کیا، تین سال تک ڈیلی میل نے الزامات پر ٹال مٹول سے کام لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ڈیوڈ روز کی چھٹی کا بہانہ بنایا گیا اور پھر کورونا کو بہانہ بنا کر ثبوت پیش نہیں کئے گئے۔ اس سب کے باوجود ڈیلی میل نے غیرمشروط معافی مانگی اور ڈیلی میل نے معافی مجھ سے نہیں 22 کروڑ پاکستانی عوام سے مانگی ہے۔

وزیراعظم نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن سلمان نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی واحد گھڑی بنوائی اور انہوں نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ ڈالی، ہمارے یہاں پاکستان میں لوگ نجی زندگی میں چاہے جو کچھ کریں لیکن ناموس رسالت اور خانہ کعبہ کی عزت اور حرمت پر کٹ مرتے ہیں، یہ انتہائی گھٹیا حرکت کی عمران نیازی نے کہ خناہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کرپاکستان کی عزت کو نیلام کیا بدنام کیا۔ اس سے بڑی قبیح حرک ہو نہیں سکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک دکاندار نے کہا جعلی رسید پر گھڑی بیچی گئی اور گھڑی خریدنے والے دکاندار نے کہا کہ میں نے دو ملین ڈالر میں گھڑی خریدی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نےدوست ممالک سے تعلقات خراب کئے، ڈیلی میل نے آرٹیکل کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے اور اخبار میں معافی نامہ شائع کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور میرے بغض میں پاکستان کو بدنام کیا گیا، فنانشل ٹائمز میں ان کے بارے میں خبر چھپی کہ شوکت خانم کے نام پر چندہ جمع کرکے سیاست پر خرچ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد سے ملنے جیل گئیں تو انہیں گرفتار کرلیا گیا، آصف زرداری کی بہن فرال تالپور کو عید کے دن گرفتار کیا گیا، لیکن دوسری طرف اپنی بہن علیمہ خان کو ایمنسٹی سکیم کے ذریعے این آر او دلوا دیا جس کی دبئی اور امریکہ میں جائیدادیں پکڑی گئیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے اسے توڑا، بڑی مشکل سے ہم نے آئی ایم ایف سے دوبارہ معاہدہ کیا، باقاعدہ ایڑیاں رگڑیں آئی ایم ایف کے سامنے، انہوں نے معیشت کی راہ میں کانٹوں والے جال بچھائے، ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچالیا ہے، ہم نے ریاست کو بچانے کیلئے سیاست کو قربان کیا۔

ان کا کہنا تھ اکہ عمران نیازی نے مصنوعی طور پر تیل کی قیمتیں روکی ہوئی تھیں اور اگلی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کیلئے ان میں اضافہ نہ کیا، ہمیں مجبوراً قیمتیں بڑھانا پڑیں، ہم نے ریاست بچانے کیلئے اپنی سیاست قربان کر دی، ہمارے دور میں ادویات مفت ملتی تھیں، کھاد، آٹا اور چینی سستی تھیں، 75 سال میں ملکی وسائل برباد کئے گئے اس کی ذمہ دار سیاسی حکومتیں اور ڈکٹیٹرز بھی ہیں، ریکوڈک سے ہم تانبے کی پیداوار حاصل نہیں کر سکے لیکن پاکستان کو اربوں، کھربوں کا نقصان ہوا ہے، ہمارے دور میں 14 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی، ہم نے بجلی کے سستے منصوبے لگائے، ہم نے سستی گیس کیلئے معاہدے کئے، سابق حکومت نے جب گیس سستی تھی تو اس کی خریداری کیلئے کچھ نہ کیا، انہوں نے مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے اور انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے پر ہی توجہ مرکوز رکھی، عمران نیازی کے چار سالہ دور میں انتقامی کارروائیاں عروج پر تھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے وفاقی حکومت نے 70 ارب روپے فراہم کئے، این ڈی ایم اے کے ذریعے کمبل، خیمے، ادویات اور دیگر سامان تقسیم کیا گیا ہے، ابھی بڑا چیلنج ہمارے سامنے موجود ہے، متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر کرنا ہو گی، شدید سردی کے موقع میں ہمیں وسائل کی ضرورت ہے، ایک مخیر شخصیت نے سیلاب متاثرین کیلئے 100 گھر تعمیر کئے ہیں، ایسے ہزاروں گھر ابھی تعمیر کرنے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی، دن رات الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، اس نے چینی برآمد کرکے سبسڈی دے دی، پھر چینی درآمد کی، اسی طرح گندم بھی درآمد کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ غریب عوام کیلئے سہولیات فراہم کرنے پر حکومت کی توجہ ہے، یورپی اور دوست ممالک کے سفراء سے بھی اس سلسلہ میں آج ملاقات کی ہے، 1800 ارب روپے کا ہم نے کسان پیکیج دیا ہے، خیبرپختونخوا کیلئے بھی آٹے اور چینی کا انتظام کیا ہے، سیلاب متاثرین کیلئے دیگر ممالک نے بھی ہماری مدد کی ہے لیکن ابھی ہمیں کھربوں روپے اور چاہئے ہوں گے، عوام کی دعائوں اور اتحادی حکومت کی کوششوں سے ملک صحیح سمت میں گامزن ہے اور ملک دیوالیہ نہیں ہو گا حالانکہ عمران خان نے تو پوری کوشش کی کہ ملک سری لنکا بن جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ملک کے ساتھ جو سب سے بڑا فراڈ کیا وہ 190 ملین پاؤنڈ یعنی 50 ارب روپے کا ہے۔ کابینہ کے سامنے ایک بند لفافہ پیش کیا گیا ، کابینہ نے اعتراض کیا کہ اس کو کھولیں۔ وہ پیسہ جس مقصد کیلئے آیا تھا وہ سپریم کورٹ چلا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک افغان بارڈر ٹینشن پر میٹنگ بلائیں گے، افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، ہم پوری کوشش کریں گے کہ معاملات کو بہتر طریقے سے چلایا جائے، ابھی جو بے گناہ شہری شہید ہوئے ہیں، پاکستان نے اس کی شدید مذمت کی ہے اور افغانستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کریں کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحفہ میں ملنے والی گھڑی عمران خان کی نہیں 22 کروڑ عوام کی امانت تھی، اس کا اسے حساب دینا پڑے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ عمران نیازی کے محسن تھے لیکن عمران نیازی محسن کش نکلے ہیں، نئے سپہ سالار پروفیشنل سولجر ہیں اور شاندار کیریئر رکھتے ہیں، وہ پاک فوج کو مضبوط کریں گے اور اپنے دائرہ میں رہ کر ملک کی خدمت کریں گے۔

مزید سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدر مملکت سے ملاقات میری اجازت سے ہوئی، صدر نے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا، ملک کی معاشی بحالی، بقاء اور سلامتی کیلئے 100 قدم آگے جانے کیلئے تیار ہیں لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، قوموں کی زندگی میں ایسے مواقع آتے ہیں، جب بڑے مقصد کیلئے قربانی دینا پڑتی ہے لیکن محسن کش شخص کے ساتھ کیا مذاکرات کریں گے، الیکشن ہوا تو عوام اپنا فیصلہ دیں گے، عمران خان انا پرست، فراڈیہ اور جھوٹا شخص ہے، اپنی انا کیلئے سب کچھ قربان کر سکتا ہے، اس کو پاکستان کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالہ سے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں نواز شریف کے کروڑوں چاہنے والے ہیں، وہ جلد وطن واپس آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ غریب عوام پر کسی طور پر بوجھ نہ ڈالا جائے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جائے گا۔

اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ کل سُنایا جائے گا

اسپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود درخواست پر محفوظ فیصلہ کل سنائیں گے
اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2022 06:10pm
فوٹو۔۔۔۔۔ پاکستان ٹوڈے
فوٹو۔۔۔۔۔ پاکستان ٹوڈے

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو کل سُنایا جائے گا۔

اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے اعظم سواتی کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر بابر اعوان اوراسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے دلائل مکمل ہوگئے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جسے اسپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود کل سُنائیں گے۔

اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

عدالت نے اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے عثمان سواتی کی نئی درخواست پر بھی پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس جاری کیا تھا جسے پراسیکیوٹر جنرل نے نئی درخواست پر نوٹس وصول کیا۔

عدالت نے دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل اور آئی جی سندھ کو 14 دسمبر کو جواب دینے کے حکم دیا تھا۔

توشہ خانہ کیس: عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

درخواست الیکشن کمیشن نے دائرکی تھی
شائع 12 دسمبر 2022 02:37pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی درخواست الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سُنایا جائے گا۔

توشہ خانہ کیس کا پس منظر

سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمران جماعت کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف کو فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ڈکلیئر نہیں کیا۔

آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت دائر کیے جانے والے ریفرنس میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اپنایا تھا کہ 62 ون ایف کے تحت نااہلی صرف عدلیہ کا اختیار ہے جب کہ سپریم کورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو بھی آئین کی اسی شق کے تحت اسی نوعیت کے معاملے میں تاحیات نااہلی قرار دیا گیا تھا، ان پر اپنے بیٹے سے متوقع طور پر وصول نہ ہونے والی سزا گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے کا الزام تھا۔

اسمبلیوں کی تحلیل: پی ٹی آئی رہنماؤں کا عمران خان کو اہم مشورہ

عمران خان کی جانب سے مشاورت کا عمل حتمی مرحلے میں داخل
شائع 12 دسمبر 2022 02:19pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا پنجاب اورخیبرپختونخواہ اسمبلیوں کی تحلیل پرمشاورت کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے اہم رہنماؤں نے عمران خان کو بیک وقت دو کی بجائے ایک اسمبلی تحلیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے مشاورتی عمل کے دوران پارٹی رہنماؤں نے 2 کے بجائے ایک اسمبلی تحلیل کرنےکامشورہ دیا اور اکثریت کا کہنا تھا کہ پہلے پنجاب اسمبلی تحلیل کی جائے۔

یہ مشورہ دینےوالے پی ٹی آئی رہنماؤں کا موقف ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد پہلے وفاقی حکومت کے ردعمل کاانتظارکیاجائے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے چیئرمین عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ سیاسی اعتبارسے ایک صوبے میں حکومت ہرصورت قائم رہنی چاہیے۔

نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے متفقہ فیصلہ کرلیا گیا

سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان لندن سے ہوگا
شائع 12 دسمبر 2022 02:19pm
سابق وزیراعظم نواز شریف فوٹو: فائل
سابق وزیراعظم نواز شریف فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے لئے متفقہ فیصلہ کر لیا گیا، سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان لندن سے ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی سزا کالعدم کرانے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصلہ فوری چیلنج کیا جائے گا۔

ذرائع کےمطابق نواز شریف کے کیس کو چیلنج کرنے کے لئے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کیس کے فیصلے کو بنیاد بنایا جائے گا۔

نواز شریف کی سزا کو کالعدم کرانے کے آپشن پر قانونی ماہرین نے رائے دے دی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے 9 ڈویژن میں جلسے رکھے جانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مریم نواز کی وطن واپسی کا بھی امکان ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے اعظم سواتی سے متعلق بڑا حکم دے دیا

ہم نےتمام مقدمات اور گرفتاری کو چیلنج کیا ہے، وکیل درخواست گزار
اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2022 03:38pm
اعظم سواتی (فوٹو:فائل)
اعظم سواتی (فوٹو:فائل)

سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹراعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتارکرنے سے روک دیا ہے۔

اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں درج مقدمات کے خلاف ان کے بیٹے عثمان سواتی کی درخواست سماعت ہوئی۔ عدالت نے اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے صوبے میں تمام مقدمات کو ختم کردیا ہے، مزید کہا کہ ہم نے تمام مقدمات اور گرفتاری کو چیلنج کیا ہے۔

عثمان سواتی کی نئی درخواست پر بھی پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس جاری کردیے ہیں، جس کو پراسیکیوٹرجنرل نے وصول کرلیا۔

عدالت نے دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے کرنے کی ہدایت کی ہے،ساتھ ہی پراسیکیوٹرجنرل اورآئی جی سندھ کو14 دسمبرکو جواب دینے کی ہدایت کردی۔

لائیو

حکومت کو پارلیمنٹ پردھرنے کی دھمکی، عمران خان کیلئے اسمبلیوں کی تحلیل پراہم مشورہ

کیا عمران خان اسمبلیاں تحلیل کریں گے؟ جانیےتازہ ترین سیاسی صورتحال
اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2022 02:18pm
تصویر: پاکستان تحریک انصاف/فیس بُک آفیشل
تصویر: پاکستان تحریک انصاف/فیس بُک آفیشل

وزرائے اعلیٰ کی وفاق کے خلاف پریس کانفرنس، پارلیمنٹ پر دھرنے اور ’ہڑتال‘ کی دھمکی

2 وزرائے اعلیٰ اور وزیرخزانہ پنجاب محسن لغاری کی مشترکہ پریس کانفرنس
شائع 12 دسمبر 2022 11:53am
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیر خزانہ پنجاب نے وفاق کو پارلیمنٹ پر دھرنے اور ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔

2 وزرائے اعلیٰ محمود خان اور خالد خورشید وزیرخزانہ پنجاب محسن لغاری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔

محمود خان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کےواجبات روکے ہوئے ہیں، ہم وفاق سے حق مانگ رہےہیں،بھیک نہیں مانگ رہے، ہم ملازمین کوتنخواہ تک نہیں دےپارہے،جب سےرجیم چینج ہواہے،خیبرپختونخواحکومت مشکل میں ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے بقایاجات فوری ادا کرے، سیلاب کے دوران 10ارب روپے دینے کےاعلان پر بھی عمل نہیں ہوا، حق نہ ملا تو نیشنل اسمبلی کے باہر دھرنا دیں گے، مطالبات نہ مانے تو صوبے کےعوام کو اکھٹا کرکے اسلام آباد لاؤں گا، واجبات کے لئے ہرحد تک جانے کے لئے تیار ہیں،

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان وفاق کے جی ڈی پی سے چلتا ہے، موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان کا بجٹ بڑھانے کے بجائے کم کردیا، ہمیں ملنے والی گرانٹ بھی این ایف سی سے بہت کم ہے۔

خالد خورشید نے بتایا کہ وفاق نے ہمیں صرف 2 ارب 80 کروڑ روپے دیے ہیں، گلگت بلتستان میں ایک بھی انرجی منصوبہ نہیں لگایا گیا، اسکردو میں اس وقت 21 سے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے ہمیشہ گندم پر سبسڈی دی، اس سال نہیں دی گئی، سیلاب کے دوران 3 ارب روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جو نہیں دیے گئے، گلگت بلتستان میں نہ آٹا ہے اور نہ ہی بجلی ہے۔

وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے پورے صوبے میں ہڑتال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے معاملات حل نہ ہوئے تو ہڑتال پر چلے جائیں گے۔

ادھر وزیرخزانہ پنجاب محسن لغاری کا کہنا تھا کہ 176.4اعشاریہ ڈالر وفاق نے پنجاب کو دینے ہیں، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان میں بہت زیادہ نقصان ہواہے، کےپی کے ، جی بی اور پنجاب میں بھی سیلاب سے نقصان ہواہے، پنجاب کو سیلاب کے حوالے سے ایک پیسہ بھی نہیں دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف،عمران خان کے کیسزڈی لسٹ کردیے

تمام کیسز کی سماعت اب 20 دسمبرکوہوگی
شائع 12 دسمبر 2022 11:31am
الیکشن کمیشن نے 13 دسمبرکوسماعت کیلئے مقرر 5 کیسز ڈی لسٹ کیے۔ تصویر/ اے ایف پی
الیکشن کمیشن نے 13 دسمبرکوسماعت کیلئے مقرر 5 کیسز ڈی لسٹ کیے۔ تصویر/ اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف اور چئیرمین عمران خان کے کیسزڈی لسٹ کردیے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے 13 دسمبرکو سماعت کے لئے مقرر 5 کیسزڈی لسٹ کردیئے، حکام کے مطابق بنچ کی عدم دستیابی پرالیکشن کمیشن نے کیسزکو ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔

تمام کیسز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہیں، جن میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے، ممنوع فنڈنگ ضبطگی کیس، پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے ضمنی انتخابات میں کامیابی کا نوٹیفکیشن کا کیس شامل ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیسزکی سماعت بھی منگل کو مقررتھا، اب ڈی لسٹ کئے گئے کیسزکی سماعت اب 20 دسمبر کوہوگی۔

عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس، الیکشن کمیشن کارروائی کرسکتا ہے

چئیرمین پی ٹی آئی نے گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنرکو تنقید کا نشانہ بنایا تھا
شائع 12 دسمبر 2022 11:16am
الیکشن کمیشن آرٹیکل 204 کے تحت عمران خان کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے، ذرائع تصویر/ فیس بک
الیکشن کمیشن آرٹیکل 204 کے تحت عمران خان کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے، ذرائع تصویر/ فیس بک

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیمرا سے گزشتہ روزکی تقریرکا اسکرپٹ مانگ لیا تھا لیکن آج الیکشن کمیشن کی جانب سے پیمرا کوعمران خان کی تقریرکا اسکرپٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن آرٹیکل 204 کے تحت عمران خان کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے کیونکہ چئیرمین پی ٹی آئی نے گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنرکو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ویڈیوکے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ مجھے نااہل کیا جائے، میں اپنی ذات اور تحریک انصاف کیلئے الیکشن کی بات نہیں کررہا ہوں، جب بھی الیکشن ہوں گے جیتنا ہم نے ہی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میری اسمبلی سے نکلنے کی تیاری دسمبر میں ہوجائے گی الیکشن کمیشن مجھے نااہل کرنے کی تیاری کررہا ہے اور الیکشن کمیشن مجھے نااہل قرار دے کر مزید ذلت کمائے گا اور موجودہ الیکشن کمشنرسے زیادہ بد دیانت شخص پہلے کبھی نہیں آیا۔

’پیپلز پارٹی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے‘

ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات سے پہلے نئی حلقہ بندیاں چاہتی ہے، باصر حسین
اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2022 03:03pm
تصویر: رضوان تبسم /اے ایف پی
تصویر: رضوان تبسم /اے ایف پی

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں سینئیر صحافی اور میزبان شوکت پراچہ کے ساتھ گفتگو میں ناصر حسین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کے احکامات پرعمل درآمد کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو حلقہ بندی پر تحفظات ہیں، ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات سے پہلے نئی حلقہ بندیاں چاہتی ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ گورنر سندھ نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق بات کی ہے،اور ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں کیلئے چیف سیکرٹری کو خط لکھا ہے۔

ان اک مزید کہنا تھا کہ امید ہے کراچی میں بلدیاتی انتخابات بروقت ہوجائیں گے، پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات سے نہیں گھبرا رہی، پیپلزپارٹی نے تو عمران خان کو بڑے مارجن سے شکست دی ہے۔

ناصر حسین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں میرے خلاف سازش ہوگئی، وہ یہ نہیں بتاتے کہ خود کس طرح آئے تھے۔

ناصرحسین نے کہا کہ پہلے یہ باجوہ صاحب کی تعریفیں کرتے تھے، اب غیر سیاسی ہونے پر ان کے خلاف ہوگئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ 2012 کے بعد عمران خان کو مکمل سپورٹ حاصل رہی ہے، عمران خان چاہ رہے ہیں کہ اداروں کاعمل دخل ہونا چاہئے۔

ناصر حسین کی بات کا جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ سپر پاور مداخلت میں رجیم چینج کرتی ہے، پی پی کو کہنا تھا ہم اپنے بل بوتے پر عدم اعتماد لائیں گے۔

علی محمد خان نے کہا کہ حکومت کو اندازہ ہوگیا ہے جلد الیکشن ہونے والے ہیں، یہ اپنے ورکرز کو متحرک کرنا شروع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف واپس آکر اپنے کیسز کا سامنا کریں۔

’گھڑی میری اپنی ذاتی چیز ہے، بیچوں یا جو بھی کروں‘

ہماری ایکسپورٹ بڑھنے کی بجائے نیچے جارہی ہے، عمران خان
اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2022 06:54pm
I have my watch to sell or do anything - Imran Khan | Aaj News

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ گھڑی میری اپنی ذاتی چیز ہے، چاہے بیچوں یا جو بھی کروں- پاکستان کی 50 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے، انہیں مہنگائی کی بجائے میری گھڑی کی پڑی ہوئی ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ ملک اگر ڈیفالٹ کی طرف چلا گیا تو یہ ہم سب کیلئے نقصان ہوگا، ڈیفالٹ ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرتا- قوم کو سمجھنا چاہیے کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو این آر او ٹو دیا گیا، این آر او ٹو کی وجہ سے ان کے سارے کرپشن کیسز ختم ہو رہے ہیں اور باری باری معاف ہو رہے ہیں۔ سب کو پتا ہے کہ انہیں ملک کے طاقتور نے این آر او ٹو دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے باوجود ہم نے اپنی معیشت بچائی، ایکسپورٹ کے بڑھنے سے ملکی دولت میں اضافہ ہوتا ہے، جب تک ایکسپورٹ نہیں بڑھیں گی ملک ایشین ٹائیگرنہیں بن سکتا، ہماری ایکسپورٹ بڑھنے کی بجائے نیچے جارہی ہے۔ ہمارے دورمیں گندم کی ریکارڈپیداوار27.5ملین ٹن تھی- ہمارے دور میں مہنگائی کا سب سے زیادہ شور مچایا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ مجھے نااہل کیا جائے، میں اپنی ذات اور تحریک انصاف کیلئے الیکشن کی بات نہیں کررہاہوں، جب بھی الیکشن ہوں گےجیتنا ہم نے ہی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا میری اسمبلی سے نکلنے کی تیاری دسمبر میں ہوجائے گی۔ الیکشن کمیشن مجھے نااہل کرنے کی تیاری کررہا ہے ، الیکشن کمیشن مجھے نااہل قرار دے کر مزید ذلت کمائے گا، موجودہ الیکشن کمشنر سے زیادہ بددیانت شخص پہلے کبھی نہیں آیا۔