Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

پاک افغان بارڈر پر گولہ باری، سیاسی قیادت کی مذمت

واقعے کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2022 08:23pm
وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ (فوٹو:فائل)
وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ (فوٹو:فائل)

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پاک افغان سرحد پر فائرنگ اورراکٹ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس ہوا، فائرنگ اور راکٹ حملے کا واقعہ تشویشناک ہے۔

چمن میں پاکستانی شہریوں پر حملے کے ردعمل میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ افسوسناک واقعے کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں، بلوچستان حکومت کو متاثرہ شہریوں کی مدد کی درخواست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔ پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع افسوسناک ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی افغان بارڈر سے پاکستانی شہریوں پرفائرنگ کی سخت مذمت کی ہے۔

آصف زرداری نے پاکستانی شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا، اور زخمی پاکستانی شہریوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی چمن میں سرحد پار سے فائرنگ اور راکٹ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے وفاقی حکومت سفارتی سطح پر اس مسئلے کے فوری اور موثر حل کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کے ادارے اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں مدد و رہنمائی فراہم کریں۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

Rana Sanaullah

firing incident

Pakistan Afghanistan Border