Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کی کرپشن ثابت شدہ ہے، گرفتاری کا دن جلد آئے گا، نوازشریف

ڈیلی میل کی معافی کے بعد عمران اور شہزاد اکبر کو سر شرم سے جھکا لینا چاہیے۔
اپ ڈیٹ 10 دسمبر 2022 03:07pm
نواز شریف۔ فائل فوٹو
نواز شریف۔ فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لندن کی عدالتوں سے شریف خاندان کی بریت اور ڈیلی میل کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد عمران خان اورشہزاداکبرکوشرم سےاپناسرجھکاناچاہئے،انہوں نے سیاسی لوگوں کوملک کےاندراورباہربدنام کردیا۔

لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ عمران خان پر کرپشن کے الزامات نہیں بلکہ ثبوت آگئے ہے، بچے، بچے کی زبان پرتوشہ خانہ چوری کے قصے ہیں، جو شخص سرتاپاؤں کرپشن میں ملوث ہے وہ دوسروں پر الزامات لگارہا ہے۔ ان لوگوں پر جنہیں برطانیہ کی عدالتوں اور یہاں کی حکومتوں سے بے گناہی کے ثبوت ملے، پاکستانی قوم کو ان سب چیزوں کو غور سے سمجھنا چاہیے۔

نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا۔

نوازشریف نے کہا کہ عمران خان نے 50، 50 ارب روپے کی کرپشن کی ، ہم پرتو مفت میں ہی کیس بنتے رہے اور مفت میں جلاوطن کیاگیا، مجھ پر تو ہائی جیکنگ کا کیس بھی بنایا گیا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل کیا گیا۔

اس گفتگو کے دوران نواز شریف نے عمران خان پر کرپشن کے سنگین الزامات بھی عائد کیے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک میٹرو بنائی وہ بھی نقائص سے بھرپور اور اربوں کا خرچ آیا، نیب کیس بھی بن گیا۔

لیگی سربراہ نے کہاکہ بلین ٹری منصوبے اور القادر ٹرسٹ کی تفصیلات سامنے آئیں گی تو لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے۔

نواز شریف نے عمران خان کے بارے میں یہ سخت بیان ایسے موقع پر دیا ہے جب خبریں گرم ہیں کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بیک دوڑ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ماضی میں عمران خان کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف انہیں نااہل کروانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان پر مقدمات کا مقصد صرف یہ ہے کہ نواز شریف کے خلاف کیسز بھی ختم ہو جائیں اور لیول پلیئنگ فیلڈ میسر آسکے۔

Nawaz Sharif

imran khan

daily mail

Imran Khan cases