Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملات بہتر ہو رہے ہیں‘

اب راؤنڈ-ٹو شروع ہے جس میں سیاست بات چیت کی ٹیبل پر ہوگی، فہد حسین
شائع 09 دسمبر 2022 09:16pm
Exclusive interview of Fahd Husain, Special Assistant to PM | Rubaroo with Shaukat Piracha |Aaj News

وزیراعظم کے ترجمان سید فہد حسین کا کہنا ہے کہ معلوم نہیں قائد (ن) لیگ نواز شریف کب واپس آئیں گے لیکن ان کی پاکستان واپسی کے معاملات بہتر ہورہے ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں بات کرتے ہوئے فہد حسین نے کہا کہ بہالولپور یونیورسٹی کے طلباء کے ساتھ تشدد کے واقعات میں ذمہ داران کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے، طلباء اپنا حق مانگ رہے ہیں، پولیس کی اصلاحات ہونی چاہئے، جب تک پولیس کو ری فارم نہیں کریں گے اس وقت تک ہمارے شہریوں کو حقوق نہیں ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار اور صدر مملکت کے درمیان ملاقاتوں میں کیا باتیں ہوئی یہ مجھے معلوم نہیں، البتہ عدم استحکام کا نقصان ہمیشہ حکومت کو ہوتا ہے، حکومت چاہتی ہے ملک میں سیاسی استحکام بہتر ہو جائے۔

ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی آئی کو کئی بار مذاکرات اور اسمبلی میں واپسی کی پیشکش کرچکی ہے لیکن عمران خان ہر حال میں انتخابات چاہتے ہیں، انہوں نے ایڑھی چوٹی کا زور لگاکر اپنے سارے تیر چلا دیے لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا، لہٰذا الیکشن تب ہوں گے جب حکومت چاہے گی۔

فہد حسین نے کہا کہ عدم اعتماد پہلا راؤئنڈ تھا جو ختم ہوگیا اور اب سیاست میں راؤنڈ-ٹو شروع ہے جو گفت شنید کا دور ہے جس میں سیاست بات چیت کی ٹیبل پر ہوگی جب کہ حکومت کی طرف سے صورتحال زیادہ واضح ہے کہ بات چیت کی جائے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے بیانیہ کے ذریعے اپنا آرمی لگانا اور عام انتخابات کی جانب جانا تھا لیکن ان کا بیانیہ پٹ گیا، ثابت ہوگیا امریکی سازش تھی اور نہ فوجی قیادت کا اس میں کوئی کردار تھا، جب اگلا الیکشن آئے گا تب معلوم ہو جائے گا عوام کس کے ساتھ ہے، نیٹ پریکٹس میں چھکا مارنے سے رنز نہیں ملتے۔

فہد حسین نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل ایک سائیڈ فلم کی مانند ہے، مارچ میں انتخابات کرانے کے لئے پی ٹی آئی کو اسمبلیاں توڑنی پڑے گی، پنجاب میں حکومتی پارٹیوں کا آپس میں جھگڑا ہے، پی ٹی آئی چاہتی تھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت گرائے، مگر ان کی اپنی حکومت جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی پوزیشن واضح ہے، اگر پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی توڑتی ہے تو ہم تیاار ہیں لیکن بہتر ہے کہ وہ صوبائی حکومتیں نہ توڑیں، الگ تاریخوں پر انتخابات ہونے سے پیچیدگیاں بڑھیں گی، پاکستان میں یہ کبھی نہیں ہوا کہ صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات الگ ہوئے ہوں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کی مہم کے لئے پارٹی قائد نواز شریف کا اہم کردار ہوگا، معلوم نہیں وہ کب پاکستان آئیں گے لیکن ان کی واپسی کے معاملات بہتر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل پر چھپی ہوئی ڈیوڈ روز کی رپورٹ صحافتی معیارات پر نہیں اترتی تھی، اگر میں ایڈیٹر ہوتا تو ایسی رپورٹ کبھی شائع نہیں کرتے۔

pti

Nawaz Sharif

imran khan

Punjab Govt

Rubaru

Fahd Husain