کرپشن کے جھوٹے الزامات پر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا، وزیراعظم
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کسی بھی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے اس کی معاشی و انتظامی تباہی کا باعث بنتی ہے، گزشتہ دور میں جس طریقے سے کرپشن کے جھوٹے الزامات پر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا، اس کی مثال نہیں ملتی، کرپشن کو ذاتی انتقام کی بھینٹ چڑھانے کےلئے آلے کے طور پر استعمال کیا گیا۔
انسدادِ کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن ایک بہت بڑا قومی مسئلہ ہے، ہم اسے سیاسی نعرے بازی اور پوائنٹ اسکورنگ کے لئے استعمال کی بجائے سد باب کے اقدامات پر مل کر کام کریں،ہم سب پاکستانی مل کر کرپشن سے جنگ میں سرخرو ہوں۔
شہباز شریف نے ملک سے کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے زور دیا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن ایک بڑی رکاوٹ ہے، معاشرتی اقدار کی کا زوال کسی بھی معاشرے میں کرپشن کی شرح بڑھاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن سے ملک و قوم کا قیمتی پیسہ شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے ملک کا امن تباہ ،ادارے کمزور اور لوگوں کا گورننس سے اعتبار اٹھ جاتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت میں کرپشن کی شرح نیچے آئی، کوئی بھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکا، ملکی سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا،اداروں کو محض کرپشن کے نام پر استعمال کرنے کی بجائے صحیح معنوں میں کرپشن کے خاتمے کے لئے اداروں کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک سے کرپشن کی کمی کے لئے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔
Comments are closed on this story.