Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

افغانستان کو پاکستان پر حملوں کیلئے لانچ پیڈ نہیں بننے دیں گے, امریکہ

دہشت گرد دوبارہ منظم ہوئے تو کارروائی کریں گے، امریکا
اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2022 09:48am
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ محسوس ہوتا ہے کہ طالبان وعدوں کو پورا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ افغانستان میں دہشت گرد دوبارہ منظم ہوئے تو کارروائی کریں گے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا کو خدشہ ہے کہ افغانستان ایک بار پھردہشتگردوں کی پناہ گاہ نہ بن جائے۔

نیڈ پرائس کے مطابق پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر ی نگاہ سے دیکھتے ہیں،پاکستان خطے میں اہم شراکت دار ہے۔امریکا پاکستان میں کسی ایک امیدوار یا کسی ایک شخصیت کو ترجیح نہیں دیتا۔

افغانستان میں دہشتگردوں کے دوبارہ جمع ہونے کی صورت میں منظم کارروائی کی دھمکی دینے والے نیڈ پرائس نے کہا کہ دیکھنا ہے دہشتگرد افغانستان کو پاکستان پرحملوں کے لیے لانچ پیڈ کے طور پراستعمال نہ کریں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نےخارجہ سیکریٹری ڈاکٹر اسد مجید کی ماضی میں ڈونلڈ لوسے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے امریکا مخالف مہم سے متعلق سوال پرکہا کہ ہم نے مسلسل ان افواہوں کی تردید کی ہے، ہم صرف پاکستان کے آئینی نظام کے مفاد میں ہیں اور کسی ایک امیدوار یا کسی ایک شخصیت کو دوسرے پر ترجیح نہیں دیتے۔

نیڈ پرائس نے بریفنگ میں بتایا کہ دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے پاکستان کو پیشہ ورانہ فوجی تعلیم، آپریشنل اورتکنیکی کورسز فراہم کرنے والے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام سے گرانٹ ملتی ہے، یہ تعاون پاکستان کی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بہتربناتا ہے اور دونوں ممالک کے فوجی تعاون کو مستحکم بناتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا خطے میں شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہے، خطرات سے نمٹنے کے لیےجوبن پڑا کریں گے۔

پاکستان

Washington

America

Ned Price

US State Department