Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف جنوری میں وطن واپس آجائیں گے، ایاز صادق

مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے تیار نہیں، وفاقی وزیر
شائع 06 دسمبر 2022 11:56pm
وفاقی وزیر برائے سیاسی امور۔ فوٹو — پی آئی ڈی
وفاقی وزیر برائے سیاسی امور۔ فوٹو — پی آئی ڈی

وفاقی وزیر برائے سیاسی امور ایاز صادق کا کہنا ہے کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف آئندہ برس کے جنوری میں وطن واپس آجائیں گے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ایاز صادق نے کہا کہ انتخابات کے لئے پارٹی ارکان کو ٹکٹس کی تقسیم کے لئے نواز شریف ملک واپس آجائیں گے، لگتا ہے پارٹی قائد جنوری 2023 میں پاکستان آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اسمبلیاں توڑتے ہیں تو ہم نے بھی تیاری کر رکھی ہے، انتخابات میں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، البتہ اس بار سلیکشن نہیں، الیکشن ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس، فارن فنڈنگ کیس کے بعد آہستہ آہستہ لوگوں کی آنکھیں کُھل رہی ہیں، اب عمران خان کو بغیر کسی حمایت کے الیکشن لڑنا ہوگا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مئی میں ہم سے درخواست کی گئی تھی کہ عمران خان سے مذاکرات کیے جائیں جب کہ پرویز خٹک اور اسد قیصر نے بھی فون کرکے ملاقات کے لئے مدعو کیا تھا جس کے کئی روز بعد ہمیں میٹنگ کے حوالے سے پیغام ملا۔

ایاز صادق نے کہا کہ ملاقات راجہ پرویز اشرف کی رہائشگاہ پر ہوئی جس میں پرویز خٹک، فیصل سبزواری، نوید قمر، یوسف رضا گیلانی اور اسد محمود شامل تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات ہونے چاہئیں، لیکن مولانا فضل الرحمان مذاکرات کے لئے تیار نہیں جنہیں منایا جا سکتا ہے، مذاکرات تمام اتحادیوں کی مشاورت سے متفقہ طور پر ہوں گے۔

pti

london

Nawaz Sharif

Federal govt

imran khan