Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

آزادکشمیر بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، پونچھ ڈویژن کے نتائج کا سرکاری اعلان

ضلع کونسل کی4 اور یونین کونسل کی 8 نشتوں کے نتائج روک دیئے گئے
شائع 06 دسمبر 2022 09:34am
فوٹو۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔ فائل

الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع میں 3 دسمبر کو 875 نشتوں پر ہونے والی پولنگ کے نتائج کا سرکاری اعلان کر دیا جبکہ ضلع کونسل کی4 اور یونین کونسل کی8 نشتوں کے نتائج روک دیئے گئے ۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی طرف سے 88 یونین کونسلوں، 2 میونسپل کارپوریشن، 3 میونسپل کمیٹیوں اور 5 ٹاون کمیٹیوں کے 787 وارڈز میں سے 779 وارڈز سے منتخب ہونے والے کونسلرز کی کامیابی کا اعلان کیا ہے ۔

پونچھ ڈویژن میں ضلع کونسل کی 88 نشتوں میں سے 84 نشستوں پر کامیاب ممبران ضلع کونسل کے کامیابی کاسرکاری اعلان بھی کردیا گیا ہے جبکہ 12 نشستوں کے نتائج روک دیئے گئے ہیں۔

پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع باغ، حویلی، سدھنوتی اور پونچھ راولاکوٹ میں آزاد امیدواروں نے 262 نشستیں جیت کر مدمقابل سیاسی جماعتوں کو چاروں شانے چت کر دیا ۔

پاکستان تحریک انصاف 260 نشستیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہی، پاکستان مسلم لیگ ن 140 نشستیں جیت کر تیسرے نمبر پر رہی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی 125 نشستیں اپنے نام کر کے پانچویں پوزیشن کی حقدار ٹھہری ۔

جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے 29 اور آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس نے بھی 29 نشستیں حاصل کیں ۔

پونچھ ڈویژن میں تحریک لبیک اور جماعت اسلامی نے 7،7 نشستیں حاصل کیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام جموں کشمیر بھی 4 نشستوں پر براجمان ہوگئی ۔

الیکشن کمیشن طرف سے جاری کیے گئے پونچھ ڈویژن کے انتخابی نتائج کے مطابق آزادکشمیر کے ضلع باغ اور ضلع پونچھ راولاکوٹ میں آزاد امیدوار 185 نشستیں جیت کر پہلے نمبرپر رہے ۔

پاکستان تحریک انصاف نے 135 اور پاکستان پیپلزپارٹی نے 70 نشتیں حاصل کرکے دوسری اور تیسری پوزیشن اپنے نام کی ۔

ضلع حویلی میں پاکستان پیپلزپارٹی نے 36 نشستیں جیت کر میدان مار لیا،پاکستان مسلم لیگ ن 29 اور آزاد امیدوار 18 نشستیں جیت کر دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے ۔

ضلع سدھنوتی میں تحریک انصاف نے77 نشستیں جیت کر سب کو پچھاڑ دیا ، آزاد امیدوار46 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ مسلم لیگ ن 35 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

azad kashmir

local bodies election

pti

PMLN

election commision

PPP

نتیجہ