Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

’پنڈی بوائے‘ کرسچن ٹرنر کو برطانیہ نے ترقی دے دی

کرسچن ٹرنر اگلے سال اپنا عہدہ سنبھالیں گے.
اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2022 07:28pm

پاکستان میں تعینات ”پنڈی بوائے“ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کو ترقی دے کر برطانوی وزارت خارجہ میں انڈر سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے۔

کرسچن ٹرنر کی تعیناتی کا فیصلہ برطانوی وزارت خارجہ کی جانب سے کیا گیا ہے، کرسچن ٹرنر اگلے سال اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

کرسچن ٹرنر کو برطانوی وزارت خارجہ لندن میں ڈائریکٹر جنرل جیو پولیٹیکل (پولیٹیکل ڈائریکٹر) تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ عہدہ سیکرٹری آف سٹیٹ کے برابر ہے۔

تعیناتی کا اعلان برطانوی سیکرٹری خارجہ جیمز کلورلی نے کیا۔

کرسچن ٹرنر دسمبر 2019 سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور جنوری 2023 کے وسط میں اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

بطور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کووڈ 19 کے دوران برطانوی شہریوں کی وطن واپسی، برطانوی سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان، برطانیہ اور پاکستان کے مابین براہ راست پروازوں کی بحالی، 2025 تک دو طرفہ تجارت میں دو گنا اضافے کی مہم کے آغاز، سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے برطانوی امداد کی فراہمی اور سترہ برس بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد میں اہم کردار ادا کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین برس میری ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے اہم ترین سال تھے۔ لندن میں اپنے نئے عہدے کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے میں پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔

چند دن قبل برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر رکشے میں بیٹھ کر انگلینڈ اور پاکستان کا پہلا ٹیسٹ میچ دیکھنے پہنچے تھے۔

ٹرنر نے اسٹیڈیم روانگی سے قبل اردو میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی جوش و جذبہ ہے۔

انہوں نے جنون بینڈ کے گانے کا مصرع ”ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار“ بھی دہرایا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے رکشہ ڈرائیور کو پوٹھوہاری زبان میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”راجا جی پنڈی جلساں تے میچ تکساں“۔

پاکستان

Christian Turner

Pindi Boy