Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیکٹ چیک: کیا وزیرخزانہ نے پاکستان کا ایٹمی پروگرام ’بیچنے‘ کی بات کی

'ملک ابھی بچالیں، ایٹمی پروگرام 5 سال بعد دوبارہ حاصل کرلیں گے'
شائع 05 دسمبر 2022 10:47am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارسے منسوب ایک ٹویٹ سوشل میڈیا پرزیرگردش ہے جس میں وہ پاکستان کی معیشت بچانے کیلئے ملک کے ایٹمی پروگرام کو ’بیچ‘ دینے کی بات کررہے ہیں۔

یہ وائرل ٹویٹ نجی ٹی وی چینل جیونیوزکے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ کے میزبان کے بظاہرآفیشل ٹوئٹرہینڈل سے شیئرکی کی گئی ہے کیونکہ اسحاق ڈار جمعہ 2 دسمبرکی شپ اس پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔

ٹویٹ کے متن میں پاکستان کے ڈیفالٹ نہ کرنےسے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ، “ایٹمی صلاحیت نہ ہونے سے اب کوئی فرق نہیں پڑتا، ملک ابھی بچالیں ، پانچ سال بعد دوبارہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرلیں گے’۔

اسحاق ڈارکی جانب سے مزید کہا گیا ہےکہ بین القوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پاکستان کو قسط کے پیسے دینتے چاہئیں، انہیں کہہ دیا ہے کہ آپ کا رویہ نارمل نہیں۔

ٹویٹ کے آخری حصے میں بتایا گیا ہے کہ، ’اگرآئی ایم ایف نہیں آتا تو ہم جوہری پروگرام بیچ دیں گے، یہ پروگرام ویسے بھی خزانے پربوجھ ہے‘۔

ملک کا ایٹمی پروگرام ببانگ دہل فروخت کرنے کی بات کوئی معمولی بات نہیں، اس لیے شاہ زیب خانزادہ کے آفیشل ٹوئٹرہینڈل سے یہ دعویٰ پڑھ کر بیشتر افراد کو اچنبھا ہوا کہ اتنہ ذمہ دار پوسٹ پربیٹھ کراسحاق ڈار ایسی بات کیسے کرسکتے ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ لیگی رہنما اسحاق ڈار نے پروگرام میں سیاست کے علاوہ ملکی معیشت پربھی بات کی اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی مدت کے دوران ان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پرتحفظات کااظہار بھی کیا۔

تاہم اس پروگرام میں ان کی جانب سے ایسی کوئی بات نہیں کی گئی تھی جو ملکی مفاد کے خلاف ہو۔ اسحاق ڈار سے منسوب کی جانے والی یہ ٹویٹ سراسرجعلی ہے اور شاہ زیب خانزادہ نے اپنے ہینڈل سے ایسی کوئی ٹویٹ نہیں کی۔

پروگرام دیکھنے والے صارفین کی جانب سے بھی اس حوالے سے تبصرے کیے جا رہئے ہیں۔

اس پروگرام میں اسحاق ڈارنے یقین دہانی کروائی تھی کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، تحریک انصاف 9 ارب ڈالر کے قریب چھوڑ کرگئی تھی لیکن 3ارب ایک ملک کے تھے اور باقی دیگر ممالک کے۔ ہم عوام پرلامحدود بوجھ نہیں ڈال سکتے، آئی ایم ایف سے کہہ چکا ہوں کہ آپ کا برتاؤ درست نہیں، مجھے پاکستان اورعوام کا مفاد دیکھنا ہے، میں پی ٹی آئی دور اوراپنے6 ماہ کی چیزیں بھی پوری کر رہا ہوں، یہ تباہی گزشتہ 4 سال کی ہے جسے ہم ٹھیک کررہے ہیں۔

اسحاق ڈارنے اپنی ہی جماعت کے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب تک کوئی ایسی ادائیگی نہیں ہے جو وقت پر نہ ہوئی ہو۔ مفتاح اسماعیل سے پوچھا جائے کہ کیا ارینج کرکے گئے ؟ کیا انہیں 32 ملین ڈالر کی ارینجمنٹ نہیں کرکے جانا چاہیے تھا؟ مفاح اسماعیل کوجواب نہیں دینا چاہتا ، باتیں کرنا آسان ہوتا ہے۔

Ishaq Dar

پاکستان

Atomic Power