ن لیگ کا پنجاب اسبملی تحلیل روکنے کیلئے اجلاس، گورنر راج کے نفاذ پر مشاورت
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لئے لاہور میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں ہونے والے پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں وفاقی وزراء بشمول رانا ثناء اللہ، اعظم نذیر تارڑ، سعد رفیق کے علاوہ حمزہ شہباز، ذیشان رفیق،ر انا اقبال اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا جب کہ وزیراعظم کو پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سے رابطوں کی تفصیل بھی فراہم کی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے ایک درجن کے قریب اراکین لیگی رہنماؤں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے، اس کی جزئیات پر غور جب کہ گورنر کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کے آئینی آپشن اور گورنر راج کے نفاذ سمیت ممکنہ قانون و آئینی آپشنز پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کی سینئرقیادت نےعمران خان کے اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق بیان کو سیاسی قرار دے دیا اور اس معاملے پر ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ عمران خان وفٓاقی حکومت کو انتخابات پر مشروط بات چیت کے لئے پیشکش کرچکے ہیں۔
Comments are closed on this story.